Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: عرب لیگ میں شام کی واپسی کا خیرمقدم، سوڈان کی صورتحال کا جائزہ

شاہ سلمان کی زیر صدارت  اجلاس میں کئی فیصلوں کی منظوری دی گئی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے عرب لیگ کے اجلاسوں میں شام کی دوبارہ شرکت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت جدہ کے قصر السلام میں ہونے والے اجلاس میں کئی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
سعودی کابینہ نے کہا کہ ’سعودی عرب، شام کے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کی کوششوں کی سپورٹ کا خواہاں ہے‘۔
کابینہ نے سوڈان کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ’ سعودی عرب بحران کو حل کرنے کے لیے سفارتی اور انسانی بنیادوں پر کوششیں جاری رکھے گا‘۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ’سعودی عرب ان حالات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے جن سے سوڈانی عوام گزر رہے ہیں کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے‘۔
کابینہ کو سوڈان کی تازہ صورتحال، امن و استحکام کی بحالی اور بحران کے حل کے حوالے سے سعودی عرب کی کاوشوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
کابینہ کو علاقائی و بین الاقوامی حالات سے متعلق مشاورت اور برادر و دوست ممالک کے قائدین اور عہدیداروں سے ملاقاتوں اور رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
سعودی وزیر اطلاعات و نشریات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ’ کابینہ نے سوڈان سے سعودی شہریوں اور متعدد برادر و دوست ممالک کے شہریوں کے انخلا کے مشن کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
اجلاس میں توانائی اور موسمیاتی امور کے حوالے سے سعودی عرب کے بیان کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’علاقائی و بین الاقوامی دوستوں کے ساتھ موسمیاتی مسائل کے حل کے لیے کوشاں تھے، ہیں اور رہیں گے‘۔ 
کابینہ نے حالیہ قومی بجٹ کے حوالے سے 2023 کی پہلی سہ ماہی میں آمدنی، اخراجات اور سرکاری قرضوں والی رپورٹ پراطمینان کا اظہار کیا۔

شیئر: