Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انہیں اپنی امی کی وفات کا علم نہیں‘ امریکہ میں قید عافیہ صدیقی سے بہن کی ملاقات

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ہمراہ امریکہ میں موجود ہیں۔ (فوٹو: سینیٹر مشتاق/ٹوئٹر)
امریکی ریاست ٹیکساس کی جیل میں بند پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی تقریباً دو دہائیوں کے بعد اپنی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 2010 میں ایک امریکی عدالت کی طرف سے دہشتگردی کے الزامات پر 86 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔
جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد خان بھی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ساتھ امریکہ میں موجود ہیں۔
بدھ کو ایک ٹویٹ میں سینیٹر مشتاق کا کہنا تھا کہ ’یہ ملاقات 20 سال بعد ہوئی جو ڈھائی گھنٹے جاری رہی، ڈاکٹر فوزیہ کو عافیہ سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے کی اجازت بھی نہیں تھی۔‘
جماعت اسلامی کے سینیٹر کے مطابق ٹیکساس میں جیل حکام نے ڈاکٹر فوزیہ کو اجازت نہیں دی کہ وہ جیل میں قید اپنی بہن کو ان کے بچوں کی تصاویر دکھا سکیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ملاقات کے دوران ’عافیہ سفید سکارف اور خاکی جیل ڈریس میں تھیں۔ ڈاکٹر عافیہ نے کہا کہ ’مجھے اپنی امی اور بچے ہر وقت یاد آتے ہیں۔ ان کو اپنی امی کی وفات کا علم نہیں۔‘
ڈاکٹر عافیہ صدیقی 18 سال کی عمر میں تعلیم حاصل کرنے امریکہ گئیں تھیں جہاں ان کے بھائی پہلے سے مقیم تھے۔ انہوں نے امریکہ کی ہی ایک یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی تک تعلیم حاصل کی تھی۔
ان کی گرفتاری پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان سے عمل میں آئی تھی۔

شیئر: