Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'عافیہ صدیقی کی رہائی' کا مطالبہ کرنے والا ہلاک، یہودی عبادت گاہ کے یرغمالی بازیاب

امریکی صدر کو ٹیکساس کی یہودی عبادت گاہ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ فوٹو: روئٹرز
امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر کولیویل کی یہودی عبادت گاہ میں متعدد افراد کو یرغمال بنا کر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے شخص کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کولیویل پولیس اور امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی محکمے (ایف بی آئی) کے حکام نے مشترکہ پریس کانفرنس میں یرغمالیوں کی بازیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ شخص ہلاک ہو چکا ہے تاہم تحقیقات کی وجہ سے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی جا رہی۔
یہودی عبادت گاہ میں متعدد افراد کو یرغمال بنانے کا واقعہ امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق سنیچر کی صبح پیش آیا اور تقریبا دس گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
اس دوران آٹھ گھنٹے بعد پہلے یرغمالی کو رہا کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق کولیویل شہر کی کانگریگیشن بیتھ اسرائیل نامی عبادت گاہ میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہاں ہونے والی عبادت کو لائیو سٹریم کیا جا رہا تھا۔ 
عبادت گاہ کی لائیو سٹریم فیڈ کو ہٹانے سے قبل نشر ہونے والی ویڈیو میں ایک شخص کو بلند آواز میں کہتے سنا گیا کہ وہ کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچانا چاہتا۔
پولیس کے مطابق ایف بی آئی کے اہلکار عبادت گاہ میں یرغمالی صورتحال بنانے والے شخص سے مذاکرات کرتے رہے۔
روئٹر نیوز ایجنسی نے اے بی سی ٹیلی ویژن کے حوالے سے بتایا تھا کہ عبادت گاہ میں موجود شخص مسلح تھا جس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے مختلف جگہوں پر بم نصب کیے ہیں۔
اے بی سی ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق یہودی ربی اور دیگر تین افراد کو یرغمال بنانے والے شخص نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے بھی تصدیق کی تھی کہ مشتبہ شخص نے امریکہ کی وفاقی جیل میں قید مجرم سے بات کرنے یا ملنے کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس کے مطابق یہودی عبادت گاہ میں یرغمال بنائے گئے افراد کو دس گھنٹے بعد نکال لیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر بائیڈن کو یہودی عبادت گاہ میں پیش آنے والے واقعے سے آگاہ کیا گیا اور ان کو لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال کے بارے میں بتایا گیا۔
روئٹر نیوز ایجنسی نے اے بی سی ٹیلی ویژن کے حوالے سے بتایا تھا کہ عبادت گاہ میں موجود شخص مسلح تھا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ایک امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوج اور حکومت کے اہلکاروں پر مبینہ طور پر قاتلانہ حملے اور قتل کی کوشش کرنے کے سات الزامات میں مجرم قرار دیا تھا اور انھیں 86 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیرِاعظم نفتالی بینیٹ نے ایک ٹویٹ میں یرغمال بنائے گئے افراد اور ان کو ریسکیو کرنے کے لیے موجود لوگوں کے تحفظ کی دعا کی تھی۔
انہوں نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ 'میں نے کولیویل، ٹیکساس کے کانگریگیشن بیتھ اسرائیل میں یرغمال بنانے کے واقعے کی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔'

شیئر: