امریکی محکمہ خارجہ نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ ’امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے‘۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جب سعودی عرب اور امریکہ دونوں جدہ میں جاری مذاکرات میں سوڈان کے متحارب جرنیلوں کے درمیان پائیدار جنگ بندی کی کوشش کر رہے ہیں۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان میٹ ملر نے کہا کہ ’امریکی وزیر خارجہ چھ سے آٹھ جون کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس میں وہ سعودی حکام سے ملاقاتیں کریں گے‘۔
’علاقائی و عالمی ایشوز پر امریکی، سعودی اسٹریٹجک تعاون، اکنامک اورسیکیورٹی تعاون سمیت باہمی مسائل کے متعدد امور تبادلہ خیال کیا جائے گا‘۔
انتونی بلنکن امریکی، خلیجی تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ ’انتونی بلنکن اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان داعش کو شکست دینے کے لیے عالمی اتحاد کے وزارتی اجلاس کی مشترکہ میزبانی کریں گے‘۔
’اجلاس میں داعش کے مسلسل خطرے سے نمٹنے اور اس کی دائمی شکست یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا‘۔