سوڈان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں امداد کی ترسیل میں رکاوٹ: سعودی، امریکی مشترکہ اعلامیہ
بیان میں 24 اور 25 مئی کو ہونے والی خلاف ورزیاں کا ذکر کیا گیا ہے ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب اور امریکہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے کہا ہے کہ ’سوڈان میں محدود مدتی جنگ بندی کے دوران متحارب فریقوں کی خلاف ورزیوں سے انسانی امداد کی ترسیل اور بنیادی خدمات کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ ڈالی ہے‘۔
متحارب فریقوں نے اس وعدے کے باوجود کہ وہ سوڈانی عوام کی خاطر انسانی امداد اور ضروری خدمات کی بحالی کے لیے پر عزم ہیں خلاف ورزیاں کیں جو امدادی کوششوں میں رکاوٹ ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ’محدود مدتی جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہونے کے پانچ دن بعد فریقین کی خلاف ورزیوں نے انسانی امداد کی ترسیل اور بنیادی خدمات کی بحالی میں بڑی رکاوٹ پیدا کی ہے‘۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ’ فضائی حملوں اور ڈرونز کے استعمال پر پابندی ہے اس کے باوجود سوڈانی فوج کے طیارے یومیہ کی بنیاد پر جنگ بندی کےدوران پروازیں کرتے رہے ہیں‘۔
27 مئی کو خرطوم میں فضائی حملہ کیا گیا جس سے دو افراد ہلاک ہوئے۔ اسی دن ایک اور حملہ کیا گیا جس سے سوڈانی کرنسی پرنٹنگ پریس کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ریپڈ سپورٹ فورسز(آر ایس ایف) کے شہری علاقے پر حملے جاری ہیں۔ شہریوں کے مکانات، پرائیویٹ کمپنیوں اور سرکاری عمارتوں پر قبضہ کیا جارہا ہے۔
ان علاقوں میں ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے کمپنیوں اور گھروں کے لوٹے جانے کے مصدقہ واقعات ریکارڈ پر آچکے ہیں۔
جنگ بندی کے باجود متحارب فریقین نے حملے کیے اور اسلحہ، فورس اور دیگروسائل منتقل کیے گئے ہیں۔
مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ’سوڈانی افواج نے سکے تیار کرنے والے علاقے پر متعدد حملے کیے۔ریپڈ سپورٹ فورسز نے فورسز الحلفایہ پل کی طرف منتقل کی۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ دستے وادی سیدنا ایئربیس پر حملہ کرنے والے ہیں‘۔
بیان میں 24 اور 25 مئی کو ہونے والی دیگر خلاف ورزیاں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں متحارب فریقوں سے کہا گیا کہ’ دونوں خلاف ورزیاں بند کریں۔ انسانی امداد کی ترسیل اور بنیادی سہولیات کی بحالی میں رکاوٹیں نہ ڈالیں‘۔
قبل ازیں سوڈان کے متحارب فریقوں نے امریکہ اورسعودی عرب کو بھیجے جانے والے پیغام میں کہا تھا کہ وہ انسانی امداد کی ترسیل میں آسانی اور سوڈانی عوام کی خاطر بنیادی خدمات کی بحالی میں تعاون کے پابند ہیں۔ اس کے باوجود متحارب فریقوں نے ممنوعہ اقدامات کیے جن سے 26 مئی کو امدادی سامان کی ترسیل اور بنیادی خدمات کی بحالی میں رکاوٹ ہوئی۔