Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نادرا کے 30 مراکز میں پاسپورٹ کاؤنٹر قائم

اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت 30 سینٹرز پر شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ بھی بنائے جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں پاسپورٹ دفاتر کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے پہلے مرحلے میں نادرا کے 30 سے زائد مرکز میں پاسپورٹ بنوانے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔  
وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیش بھی جاری کر دیا ہے جس کے تحت اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت 30 سینٹرز پر شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ بھی بنائے جائیں گے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے عوام کے لیے نئی سہولت کا آغاز کردیا ہے۔ وزیراعظم یا وزیر داخلہ 10 جون کو اس سہولت کا باضابطہ افتتاح بھی کریں گے۔  
اردو نیوز کو دستیاب نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ریجن کے 12، کراچی کے دو، ملتان کے چھ اور سرگودھا کے تین سینٹرز پر سہولت دستیاب ہو گی۔ خیبرپختونخوا میں پانچ اور اسلام آباد ریجن کے دو نادرا سینٹرز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز موجود ہوں گے۔ 
وزیراعظم نے ہدایت کی تھی کہ جس تحصیل یا سب تحصیل میں پاسپورٹ آفس نہیں وہاں نادرا دفاتر میں کاؤنٹرز قائم کر کے عوام کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔  
اس کے لیے نادرا اور پاسپورٹ اینڈ ایمیگریشن نے متعدد اجلاسوں کے بعد حل یہ نکالا کہ نادرا کی لاجسٹک سپورٹ سے نادرا مراکز میں جہاں نادرا کے کاؤنٹر ہوں گے وہیں ایک کاؤنٹر پاسپورٹ کا ہوگا۔ جس کے لیے فرنیچر، فکسچرز، بجلی اور انٹرنیٹ نادرا فراہم کرے گا، جبکہ پاسپورٹ بنانے کے لیے عملہ پاسپورٹ اینڈ ایمیگریشن کا ہو گا۔
ان مراکز میں پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والوں کے لیے الگ سے ویٹنگ ایریا اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔  

شیئر: