Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ایمنسٹی سکیم منظور

وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق ایمنسٹی سکیم 31 دسمبر 2022 تک نافذالعمل رہے گی (فائل فوٹو: نادرا)
وفاقی حکومت نے ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ایمنسٹی سکیم کی منظوری دے دی۔
جمعے کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایمنسٹی سکیم کے لیے بھیجی جانے والی سمری پر گذشتہ کابینہ اجلاس میں منظوری دی گئی۔
ایمنسٹی سکیم کا اطلاق ان پاکستانی شہریوں پر ہوگا جو ایک سے زائد شناخت رکھتے ہیں اور ان کے پاس ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹس ہیں۔
وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق ایمنسٹی سکیم 31 دسمبر 2022 تک نافذالعمل رہے گی۔
یاد رہے کہ پاسپورٹ ایکٹ 1974 کے سیکشن 6 کے تحت ایک سے زائد شناخت پر پاسپورٹ رکھنے والوں کو زیادہ سے زیادہ 3 سال سزا ہوسکتی ہے۔
وفاقی حکومت نے ایمنسٹی سکیم کے ذریعے پاسپورٹ ایکٹ کے سیکشن 12 کے تحت ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ایک مرتبہ سزا سے معافی کا فیصلہ کیا ہے۔
ایمنسٹی سکیم کو مفاد عامہ میں منظور کیا گیا ہے جس سے اندرون ملک اور بیرون ممالک مقیم پاکستانی یکساں طور پر استفادہ کرسکیں گے۔
اس سے قبل 2006 سے 2016 تک وفاقی حکومت چھ ایمنسٹی سکیمز جاری کرچکی ہے جن سے ایک سے زائد شناخت والے تقریباً 12 ہزار پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کیے جاچکے ہیں۔
وزارت داخلہ کے اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ایمنسٹی سکیم سے تقریباً ایک سے زائد شناخت رکھنے والے 38 ہزار پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کیے جاسکیں گے۔
ایمنیسٹی سکیم کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کے لیے پاکستان اور بیرون ملک مناسب تشہیر کی جائے گی۔

شیئر: