Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے عازمین حج کی براہ راست پرواز جدہ پہنچ گئی

پاکستان سے سرکاری عازمینِ حج کی پہلی براہ راست پرواز جدہ پہنچ گئی ہے جہاں ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد سے 340 عازمین حج کو لے کر سعودی ایئر لائن کی پہلی براہ راست پرواز SV3737 جدہ پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے حجاج کے لیے پروازوں کا آغاز 21 مئی سے کیا تھا، تاہم پاکستان سے یہ پروازیں ابھی تک صرف مدینہ ہی گئی تھیں۔
حکومت نے جدہ کے لیے براہ راست پروازیں 5 جون سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
آج اسلام آباد اور ملتان سے مزید ایک ایک پرواز جدہ حج ٹرمینل پہنچے گی جبکہ کل 6 جون کو 11 پروازوں سے مزید 3 ہزار 387 پاکستانی عازمین جدہ پہنچیں گے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق  ڈی جی حج، قونصل جنرل جدہ، ڈائریکٹر حج مکہ، انچارج جدہ ایئرپورٹ نے عازمین کا استقبال کیا۔ 
روٹ ٹو مکہ کے تحت اسلام آباد سے آنے والے عازمین کو 8 بسوں کے ذریعے مکہ روانہ کیا گیا ہے۔ جبکہ آج پیر کو ایک ہزار 50 پاکستانی عازمینِ حج براستہ جدہ ایئرپورٹ مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔
علاوہ ازیں پاکستانی عازمین حج کو درپیش مسائل یا شکایات درج کروانے کے لیے پاکستان حج مشن نے مکہ مکرمہ میں ٹال فری کال سینٹر بھی قائم کیا ہوا ہے۔

شیئر: