اسلام آباد..مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادو کی سزائے موت ختم نہیں کر سکتی ۔ اسے پاکستانی آئین و قانون کے مطابق سزا ہوگی۔ تمام قانونی تضاضے پورے کئے۔ کوشش ہے کلبھوشن کیس جلد منطقی انجام تک پہنچے۔ ہفتے کو دفتر خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کی سرگرمیاں سامنے لائیں گے۔ ہمارا کیس مضبوط اور میرٹ پر ہے۔ کلبھوشن نے جعلی پاسپورٹ استعمال کیا اور پاکستان میں کارروائیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لئے قومی ایشو ز پر رائے دینا انتہائی نا مناسب ہے۔ مشیر خارجہ نے واضح کیا کہ عالمی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے کا یہ مطلب نہیں کہ پاکستان کو شکست اور ہند کی جیت ہوئی ہے۔ عالمی عدالت کے فیصلے میں صرف اتنا کہا گیا کہ جب تک عدالت کلبھوشن کیس کو مکمل طریقے سے نہ سن لے تب تک اسے پھانسی نہ دی جائے۔ کلبھوشن تک قونصلر رسائی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ہندوستانی میڈیا غلط بیانی سے کام لے رہا ہے۔