روٹ ٹو مکہ پروگرام پر سعودی عرب شکریہ کا مستحق: بنگلہ دیشی عازمین حج
فریضہ حج کی ادائیگی کا جو خواب دیکھا تھا وہ پورا ہونے جا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
بنگلہ دیشی عازمین حج نے کہا ہے کہ ’روٹ ٹو مکہ‘ انشیٹو سے وقت کی بچت ہوگئی اور حج مقامات پر آسانی سے رسائی ممکن ہوگئی‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈھاکا کے شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بنگلہ دیشی عازمین سفری کارروائی مکمل ہونے پر خوش ہیں۔
ان کا کہنا کہ’ فریضہ حج کی ادائیگی کا جو خواب دیکھا تھا وہ پورا ہونے جا رہا ہے‘۔
عازم حج محمد مجیب الرحمن نے ایس پی اے کے نمائندے کو بتایا کہ ’حج کی سفری کارروائی بہترین انداز میں مکمل کی گئی۔ سعودی عرب روٹ ٹو مکہ پروگرام پر ہمارے شکریہ کا مستحق ہے‘۔
ایک اور بنگلہ دیشی عازم حج جمیل احمد نے کہا کہ ’2014 کے حج اور 2023 کے حج میں بڑا فرق ہے۔ سفری کارروائی اب آسان کردی گئی ہے اور تیزی سے کی جارہی ہے۔ جس سے وقت بھی بچ رہا ہے اور زحمت سے بھی بچ گئے‘۔
عازم حج عبدالواحد حفیظ منیر نے کہا کہ’ ایئرپورٹ پر ہمارا خیر مقدم کیا گیا اور سفری کارروائی لمحوں میں نمٹا دی گئی۔ روٹ ٹو مکہ انشیٹو کی بدولت تمام کام آسان اور مختصر ہوگئے ہیں‘۔