Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیکیورٹی اہلکار کے قتل اور نعش جلانے کے تین مجرموں کو سزائے موت

تینوں ایک دہشت گرد تنظیم کے قائد کے ہاتھوں بیعت کیے ہوئے تھے( فوٹو: سبق)
سعودی دارالحکومت ریاض میں حکام نے سیکیورٹی اہلکار کو قتل کرکےلاش نذر آتش کرنے والے تین دہشت گردوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے اتوار کو بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری عبدالملک بن فہد بن عبدالرحمن البعادی، محمد بن خالد بن سعود العصیمی اور محمد بن عبدالرحمن بن طویرش الطویرش نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے، دہشت گردی اور اس کی فنڈنگ کے لیے ایک دہشت گرد گروہ قائم کیا تھا‘۔
’تینوں اسلحہ اور گولہ بارود اور دھماکہ خیز اشیا کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد جمع کیے ہوئے تھے۔ تینوں ایک دہشت گرد تنظیم کے قائد کے ہاتھوں بیعت کیے ہوئے تھے‘۔ 
وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ’عبدالملک البعادی نے ڈیوٹی کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار پر حملے، اسے قتل کرنے کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی تھی‘۔
محمد العثیمی نے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کی جبکہ محمد الطویرش نے سیکیورٹی اہلکار کی لاش اور سیکیورٹی گشتی فورس کی گاڑی میں آگ لگائی تھی۔ 
وزارت داخلہ بیان میں کہا کہ’ تینوں کو فوجداری کی خصوصی کورٹ میں پیش کیا گیا۔ الزامات ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی‘۔
فوجداری کی خصوصی اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے سزائے موت کی توثیق کردی تھی۔ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کردیا تھا۔ 

شیئر: