ترکمانستان کا دو سال کے اندر تمباکو نوشی کے خاتمے کا عزم
ترکمانستان کا دو سال کے اندر تمباکو نوشی کے خاتمے کا عزم
اتوار 11 جون 2023 19:57
تمباکو نوشی کے خلاف کی جانے والی جدوجہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ فوٹو انسٹاگرام
ترکمانستان کے صدر نے تمباکو نوشی کے خلاف ایک ’بے مثال' مہم کا آغاز کیا ہے جنہوں نے حکام کو وسطی ایشیائی ملک کو دو برسوں کے اندر تمباکو سے پاک کرنے کا حکم دیا ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق ترکمانستان کے صدر سردار بردی مخمیدوف نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی کے خلاف کی جانے والی اس جدوجہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
صدر نے تمباکو نوشی کے خلاف ' بے مثال' مہم کا آغاز کیا ہے۔ فوٹو گیٹی امیج
ملک بھر میں تمباکو کی مصنوعات کی غیر قانونی درآمدات اور شیشہ پائپ اور الیکٹرک سگریٹ سمیت ان تمام اشیا کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔
صدر مخمیدوف نے مزید کہا کہ ہماری ریاست تمباکو کے خلاف لازوال تحریک شروع کرے گی تاکہ دنیا میں تمباکو کے بغیر ممالک کو وسعت دینے میں مدد ملے۔
واضح رہے کہ ترکمانستان میں تمباکو نوشی سے متعلق اشتہارات اور عوامی مقامات پر تمباکو نوشی پر پابندی پر سخت اقدامات پہلے سے ہی موجود ہیں جن پر تقریباً دو دہائیوں سے بردی مخمیدوف کے خاندان کی حکومت عمل پیرا ہے۔
ہماری ریاست تمباکو کے خلاف لازوال تحریک شروع کر رہی ہے۔ فوٹو گیٹی امیج
قبل ازیں سردار بردی مخمیدوف جنہیں گزشتہ سال ان کے والد گربنگولی بردی مخمیدوف نے اقتدار کی باگ ڈور سونپی تھی، وہ اس سے قبل دانتوں کے ڈاکٹر رہے ہیں اب چاہتے ہیں کہ 2025 میں ان کا ملک تمباکو سے پاک ہو۔
ترکمانستان کے سرکاری ٹیلی ویژن نے خبر نشر کی ہے کہ ملک کی سرحدوں پر تمباکو ، شیشہ اور الیکٹرانک سگریٹ کی مصنوعات کی سمگلنگ کے الزام میں تقریباً 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
صدر سردار بردی مخمیدوف نے مزید کہا ہے کہ ترکمانستان میں محکمہ کسٹمز کے سربراہ کو فرائض کی ناقص کارکردگی پر سخت سرزنش کی گئی ہے۔
سگریٹ سمگلنگ کے الزام میں 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر
بتایا گیا ہے کہ بردی مخمیدوف سینئر جنہیں ارکاداگ (محافظ ہیرو) کے نام سے جانا جاتا ہے اپنی ریٹائرمنٹ کے باوجود موجودہ صدر اور اپنے بیٹے سردار مخمیدوف کے ساتھ مل کر اپنی نغموں کی مدد سے مستقل طور پر قوم کا شعور اجاگر کرتے ہیں۔
ترکمانستان میں ایک شہر، ایک ٹی وی چینل، ایک اخبار اور ایک فٹبال ٹیم اعزازی طور پر ان کے نام سے شہرت رکھتی ہے۔