Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن بائیک سروس بائیکیا کی ایپ ’ہیک‘ ہونے کے بعد بحال

بائیکیا نے اپنی ایپ کے ہیک ہونے اور پھر اس خرابی کو دُور کرنے کی تصدیق کر دی ہے (فوٹو: ٹیک جوس)
پاکستان کی آن لائن بائیک ایپلی کیشن ’بائیکیا‘ کو ہیک کر لیا گیا جس کے بعد اسے بحال کر دیا گیا ہے۔
منگل کے روز بائیکیا کے صارفین کو تب حیرانی ہوئی، جب انہیں فون پر نازیبا پیغامات ملنا موصول ہوئے۔
ایپ ہیک ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین نے حیرانی سے بھرپور تبصرے کرنا شروع کر دیے۔
سید حسین مجتبی اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’بائیکیا کو کیا ہوا ہے؟ ایک عجیب سا نوٹیفیکیشن ملا ہے۔‘
رطابہ نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’طوفان، زلزلے اور بائیکیا ہیک ہو گیا، بہت ہی عجیب دن ہے۔‘
الف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یا تو کوئی بائیکیا سے کسی کی ناجائز طور پر نوکری گئی ہے یا پھر کسی کی ابھی نوکری جانے والی ہے۔‘
ٹوئٹر ہینڈل ببلز خانم نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ’ایسا تب ہوتا ہے جب کو بلا معاوضہ انٹرنشپ پر رکھا جائے۔‘
دوسری جانب بائیکیا نے اپنی ایپ کے ہیک ہونے اور پھر اس خرابی کو دُور کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
بائیکیا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’بائیکیا اپنی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے کسٹمرز کو موصول ہونے والے پیغامات کے لیے معذرت چاہتا ہے۔ بائیکیا کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی جاتی ہے کہ یہ واقعہ تھرڈ پارٹی کمیونیکیشن ٹول کے سبب پیش آیا۔ بائیکیا کی ٹیم نے اِس تکنیکی مسئلے کو ٹھیک کر دیا ہے۔‘

بائیکیا نے مزید لکھا کہ ’اب ہماری ایپ آپ کے استعمال کے لیے بالکل محفوظ ہے اور آپ ہمیشہ کی طرح بے فکری کے ساتھ بائیکیا ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔‘

شیئر: