Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان نے تسلیم کیا کہ ان کے پاس قتل کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں‘

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ’عمران خان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہیں اپنے قتل کی سازش کا کسی نے بتایا جس کے بارے میں انہیں یاد نہیں۔‘
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’عمران خان نے یہ تسلیم کیا کہ ان کے پاس قتل کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان 10 لاکھ افراد پر مشتمل ٹائیگر فورس تیار کر رہے تھے۔اس کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ اس معاملے کی بھی تحقیقات ہو رہی ہیں۔‘
’عمران خان ملک میں سرکشی اور بغاوت کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ باقاعدہ ایک سال سے غلیل فورس کی تیاری کروائی جا رہی تھی۔ انہوں نے لوگوں کے ذہنوں میں زہر انجیکٹ کیا۔‘

عمران خان کا ردعمل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’میں ویڈیو میں کہی گئی اپنی تمام باتوں پر قائم ہوں۔ اگر آزادنہ تحقیقات ہوئیں تو میں سب ثبوت سامنے رکھوں گا۔‘
وزیر داخلہ نے اپنی پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ ’جو افراد سرکاری و عسکری املاک کی توڑ پھوڑ میں کسی بھی طرح ملوث ہوئے۔ ان کے خلاف قانون اپنا راستہ لے گا لیکن کسی بے گناہ کو قطعی طور پر اس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔‘
’انہوں نے انسانی حقوق کے نام پر فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا ہے۔ اس کے خلاف اب بیرون ملک پاکستانی بھی اب کھڑے ہو رہے ہیں۔‘
’انہوں نے پروپیگنڈا کیا کہ جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی جا رہی ہے، یہ بے بنیاد الزام ہے۔ وہ خواتین ہماری بہنیں بیٹیاں ہیں۔ ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہو گا۔‘

شیئر: