او آئی سی سیکریٹری جنرل سے سعودی وزیر کی ملاقات، حج سیزن کی تیاریوں سے آگاہ کیا
او آئی سی سیکریٹری جنرل سے سعودی وزیر کی ملاقات، حج سیزن کی تیاریوں سے آگاہ کیا
بدھ 14 جون 2023 0:00
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کو عازمین حج کے لیے اقدامات و انتظامات اور انہیں عبادت کا بہترین ماحول فراہم کرنے سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا۔
اوآئی سی کے بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ سے منگل کو جنرل سیکریٹریٹ میں سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ملاقات کی ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی حکومت خصوصا وزارت حج و عمرہ اور تمام متعلقہ ریاستی اداروں کو حج و عمرہ زائرین کے لیے شاندار انتظامات اور بہترین سہولتوں کی فراہمی پر سراہا۔
حسین ابراہیم طہ نے کہا کہ ’سعودی عرب کو حرمین شریفین کی پاسبانی، حج و عمرہ اور مسجد نبوی کے زائرین کی خدمت کا اعزاز حاصل ہے‘۔
سعودی عرب اس حوالے سے تمام رکاوٹیں دور کرنے میں ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لیتا۔ ہرسال حج سیزن کو کامیاب بنانے کے لیے جملہ وسائل، تجربات اور توانائیاں بروئے کار لائے جاتے ہیں۔
سعودی وزیر حج و عمرہ نے اس موقع پر او ا’ئی سی کے سیکریٹری جنرل کی موجودگی میں رکن ممالک کے نمائندوں اور قونصلرز سے ملاقات کی۔
انہوں نے حج سیزن کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں اور انتظامات سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے بتایا کہ ’اسلامی تعاون تنظیم دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمانوں کی نمائندہ اور اتحاد بین المسلمین کی علامت بنی ہوئی ہے۔ اسی طرح سعودی عرب کو اپنے قیام کے روز اول سے حرمین شریفین کی خدمت کا اعزاز ہے‘۔
حرم مکی کی توسیع پر 200 ارب ریال سے زیادہ خرچ کیے گئے ہیں( فوٹو: ٹوئٹر او آئی سی)
انہوں نےکہا کہ ’سعودی عرب زائرین کی سہولت اور حج مقامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے خطیر رقم خرچ کررہی ہے‘۔
حرم مکی کی توسیع پر 200 ارب ریال سے زیادہ خرچ کیے گئے۔ حرمین ایکسپریس ٹرین پر 60 ارب ریال لاگت آئی۔ جدہ میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تجدید پر 64 ارب ریال خرچ کیے۔ تاریخی مساجد اور مقامات کو سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔
سعودی وزیر حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ ’مملکت نے سستے حج پیکیج کےلیے معلمین کی کمپنیوں کے درمیان مسابقت کا ماحول بنایا۔ اس بات کی کوشش کی گئی کہ معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں‘۔
عمرہ زائرین کی میڈیکل انشورنس فیس میں 63 اور حج زائرین کی میڈیکل انشورنس فیس میں 73 فیصد کمی کی گئی۔ روٹ ٹو مکہ انشیٹو سے سفری کارروائی کا دورانیہ پندرہ منٹ تک محدود ہوگیا ہے۔