Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سول ایوی ایشن کے وفد کا ملتان ایئرپورٹ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

گاکا کی ٹیم اسلام آباد اور پشاور کے ایئرپورٹس کا دورہ بھی کرے گی۔ فوٹو: سول ایوی ایشن
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کا وفد دوسرے مرحلے میں لاہور سے ملتان پہنچا تو ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹیم کا استقبال کیا۔
بدھ کو انسپکٹر محمد العجمی کی قیادت میں آٹھ رکنی سعودی ٹیم نے ملتان ایئر پورٹ پر سکیورٹی کے معاملات کا معائنہ کیا۔ 
سعودی سول ایوی ایشن سکیورٹی ٹیم نے اے ایس ایف سکیورٹی سرچ کے علاوہ نجی کارگو کمپنی کے سکیورٹی انتظامات کو بھی دیکھا۔
سعودی وفد نے ایئرپورٹ کے حفاظتی حصار یا پیرامیٹر کا جائزہ بھی لیا اور کیٹرنگ کمپنی کے سیکیورٹی اقدامات کی جانچ پڑتال بھی کی۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پاکستان کے تمام ایئر پورٹس پر انتظامیہ کو احکامت جاری کیے گئے ہیں کہ وہ سعودی مہمانوں کو مکمل تعاون فراہم کریں۔
سعودی جنرل ایوی ایشن کی ٹیم اس دوسرے مرحلے میں لاہور، سیالکوٹ اور ملتان کے ایئر پورٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔
اس دوسرے مرحلے کا آغاز منگل کے روز لاہور سے ہوا تھا۔ 
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) کی سیفٹی اسسٹنٹ ٹیم کو ملتان ائیرپورٹ سے متعلق مکمل بریفنگ دی گئی ہے اور سکیورٹی کے تمام پہلوؤں سے متعلق ٹیم کو آگاہ کیا۔
سیفٹی اسسٹنٹ ٹیم ایئر پورٹ سکیورٹی فورس، ایئر لائینز اور گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔
ملتان ائیرپورٹ کا معائنہ مکمل ہونے کے بعد ٹیم کل سیالکوٹ روانہ ہو گی، جبکہ تیسرے مرحلے میں اسلام آباد اور پشاور کے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا جائے گا۔ 
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بیان کے مطابق سعودی گاکا سکیورٹی وفد کے پاکستان دورے کا مقصد سعودی عرب کے لیے پاکستان سے براہ راست پروازوں کی سکیورٹی کا جائز لینا ہے۔ 
خیال رہے کہ لیڈ انسپکٹر محمد العجمی کی قیادت میں وفد نے پہلے مرحلے میں کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا۔
پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر آٹھ رکنی وفد 7 جون کو کراچی سے واپس سعودی عرب روانہ ہو گیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 13 جون کو ہوا تھا۔

شیئر: