سعودی سول ایوی ایشن کے وفد کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، حفاظتی انتظامات کا جائزہ
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے وفد نے پاکستان میں ہوائی اڈوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔
منگل کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) کا آٹھ رکنی سکیورٹی وفد لیڈ انسپکٹر محمد العجمی کی قیادت میں لاہور پہنچ گیا ہے۔
وفد کے پہنچنے پر لاہور ایئرپورٹ کی انتظامیہ اور ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی (ریگولیٹری) نے ٹیم کا استقبال کیا۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے سعودی مہمانوں کو تمام ایئر پورٹس پر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
گاکا کی سکیورٹی اسسٹنٹ ٹیم کو ایئر پورٹ اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
گاکا سیفٹی اسسٹنٹ ٹیم کی جانب سے ایئر پورٹ سکیورٹی فورس، ایئر لائینز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں کے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
سعودی سیفٹی ٹیم کارگو ایجنٹس اور کیٹرنگ سمیت سکیورٹی سروس فراہم کرنے والوں کے حفاظتی اقدامات کی افادیت کا جائزہ بھی لے گی۔
ٹیم اس دوسرے مرحلے میں لاہور کے علاوہ سیالکوٹ اور ملتان ایئرپورٹس کا بھی معائنہ کرے گی۔
جبکہ تیسرے مرحلے میں اسلام آباد اور پشاور کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی انتظامات کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ لیڈ انسپکٹر محمد العجمی کی قیادت میں وفد نے پہلے مرحلے میں کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا۔
دورہ مکمل ہونے پر آٹھ رکنی وفد 7 جون کو کراچی سے واپس سعودی عرب روانہ ہو گیا تھا۔