Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر کی ملاقات، تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات کا جائزہ

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعے کو پیرس کے الیزے محل میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں سے ملاقات کی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الیزے محل پہنچنے پر فرانسیسی صدر نے شہزادہ محمد بن سلمان کا خیرمقدم کیا۔
فرانسیسی صدر نے سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کے لیے پیرس میں خوش گوار قیام کی ٓخواہش ظاہر کی جبکہ سعودی ولی عہد نے دورہ فرانس پر خوشی کا اظہار کیا۔ 
اس موقع پر فرانسیسی کابینہ کے وزرا اور اعلٰی عہدے دار بھی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
بعدازاں دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کی موجودگی میں اعلٰی سطح کا اجلاس منعقد کیا۔  
سعودی ولی عہد نے اجلاس کے شروع میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے فرانسیسی صدر کو خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ 
فرانسیسی صدر نے بھی شاہ سلمان کے لیے خیرسگالی کا جوابی پیغام شہزادہ محمد بن سلمان کے حوالے کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور فرانس کے تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
دونوں ملکوں اور ان کے دوست عوام کے مفادات کے حصول کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
سعودی عرب اور فرانس نے علاقائی و بین الاقوامی حالات پر نقطہ نظر اور اس حوالے سے کی جانے والی مشترکہ کوششوں میں تعاون کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 
الاخباریہ چینل کے مطابق دونوں رہنماوں نے جمعے کو الیزے محل میں ایک گھنٹہ  40 منٹ تک مذاکرات کیے۔
سعودی عرب اور فرانس کے  دوطرفہ تعلقات اور علاقائی استحکام کو درپیش چیلنجوں پر توجہ مرکوز رہی۔ 
 دونوں رہنماؤں نے اہم بین الاقوامی مسائل  پر تبادلہ خیال کیا۔ روس، یوکرین جنگ اور دنیا بھر کے ملکوں پر اس کے اثرات زیر بحث آئے۔
سوڈاین میں خانہ  جنگی، ایران کے ایٹمی پلانٹ، عرب لیگ میں شام کی رکنیت کی بحالی جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
 فرانسیسی صدر نے  پیرس میں ہونے والی  بین الاقوامی کانفرنس کے ایجنڈے پر سعودی ولی عہد سے بات چیت کی ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد اپنے دورے میں مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے، خاص طور پر ایک بین الاقوامی بیورو آف ایکسپوزیشن کے اجلاس اور فرانس کی جانب سے ایک سربراہی اجلاس گلوبل فائننسنگ پیکٹ میں شرکت کریں گے۔
یہ دورہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے اعلان کے بعد ہو رہا ہے۔ یہ ایک ایسی پیش رفت ہے جس میں فرانس بھی دلچسپی لے رہا ہے۔
اس حوالے سے الیزے محل نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے میں خطے میں کشیدگی کم ہو سکتی ہے۔
فرانس کے خیال میں، ’معاملہ ایران کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا نہیں بلکہ ایران اور سعودی عرب مل کر بعض ایسے موضوعات پر قریب آ سکتے ہیں جہاں اب تک دونوں ممالک میں اختلاف رہا ہے۔‘
اس لیے یہ ملاقات، سفارتی تعلقات کی بحالی کے حوالے سے اور خاص طور پر لبنان، شام اور عراق کی صورتحال اور ایران کے جوہری معاہدے کے معاملے پر فرانس اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دلچسپی کے اہم معاملات پر جائزے کا موقع فراہم کرے گی۔
ایکسپو 2023 کی میزبانی کے لیے سعودی عرب نے درخواست دی تھی جس کا فیصلہ اگلے سال موسم خزاں میں متوقع ہے، فرانس اس کی حمایت کر چکا ہے۔

شیئر: