ہروب فائل ہے جبکہ اقامہ موثر، کفالت تبدیل کی جاسکتی ہے؟
ہروب فائل ہے جبکہ اقامہ موثر، کفالت تبدیل کی جاسکتی ہے؟
ہفتہ 17 جون 2023 0:02
جب تک ہروب کینسل نہ کرایا جائے کفالت تبدیل نہیں کرائی جا سکتی ( فائل فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں قانون محنت کے تحت مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکن اس امر کے پابند ہیں کہ وہ اپنے اسپانسرز کے علاوہ کسی دوسری جگہ کام نہیں کریں۔
ایسے افراد جو دوسری جگہ کام کرتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ اسپانسر کے علاوہ دوسری جگہ عارضی طورپرکام کرنے کے لیے باقاعدہ اجازت حاصل کرنا ہوتی ہے۔
عارضی طورپردوسری جگہ کام کرنے کےلیے وزارت افرادی قوت کے ذیلی ادارے ’اجیر‘ سے پرمٹ حاصل کرنا ہوتا ہے جس کے بعد کارکن عارضی بنیادوں پردوسری جگہ کام کرنے کا اہل ہوتا ہے۔
جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا ’ سسٹم میں ہروب فائل ہے جبکہ اقامہ ایکسپائرنہیں، اس صورت میں کفالت تبدیل کی جاسکتی ہے؟‘
سعودی عرب میں قانون محنت کے تحت ایسے غیر ملکی کارکنان جو اپنے اسپانسرز کے پاس کام نہیں کرتے اور دوسری جگہ ملازمت کرتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔
وزارت افرادی قوت جس کا سابقہ نام وزارت محنت تھا کے قانون کے مطابق غیر ملکیوں کے اسپانسرز کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنی زیرکفالت غیر ملکیوں کے قانونی معاملات کو درست رکھیں۔
ضوابط کے مطابق کارکنوں کے اقاموں کی بروقت تجدید کفیلوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ خلاف ورزی پروزارت افرادی قوت کی جانب سے تادیبی کارروائی بھی کی جاتی ہے۔
وزارت نے آجر واجیر کے معاملات کو درست رکھنے کے لیے ضوابط مقرر کیے ہیں جن پرعمل کرنا ضروری ہے۔
ایسے افراد جو اپنے کفیلوں کی اجازت کے بغیر دوسری جگہ کام کرتے ہیں اور کفیل سے کوئی رابطہ نہیں رکھتے ان کے بارے میں کفیلوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ فوری طورپروزارت افرادی قوت کے متعلقہ شعبے کو اپنے کارکن کے بارے میں مطلع کرکے اپنی ذمہ داری سے بری ہوسکیں۔
وزارت افرادی قوت کے متعلقہ شعبے میں ایسے کارکنوں کو ’مفرور‘ کے زمرے میں شامل کردیا جاتا ہے۔
ضوابط کے مطابق جن افرادکے خلاف ’ہروب‘ فائل کیا جاتا ہے جوازات میں ان کی فائل کو سیز کردیاجاتا ہے۔ ہروب فائل کیے جانے کے 15 دن کے اندرکفیل اسے اپنے ابشراکاونٹ سے کینسل کرانے کی صلاحیت رکھتا ہے بعدازاں ہروب کینسل کرانے کا مرحلہ دشوار ہوجاتا ہے ۔
ایسے کارکن جن کے خلاف ہروب فائل ہوئے کافی مدت گزرجاتی ہے ان کی کفالت اس وقت تک تبدیل نہیں کرائی جاسکتی جب تک ہروب کینسل نہ کرایا جائے۔
کفالت تبدیل کرانے کےحوالے سے جوازات کا کہنا ہے کہ ’غیرملکی کارکن کی اسپانسر شپ تبدیل کرانے کے لیے کارکن کی فائل میں کسی قسم کی خلاف ورزی درج ہو اور نہ ہی فائل سیز ہو‘۔
مملکت میں گھریلو ملازمین کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپرسوال کیا ’ سائق خاص یا گھریلو ملازمین کا اقامہ کی تجدید زیادہ سے زیادہ کتنی مدت قبل کرائی جاسکتی ہے؟‘۔
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ گھریلو ملازمین کے اقامہ کی تجدید 14 ماہ سے کم مدت باقی ہونے پر کرائی جاسکتی ہے‘۔
واضح رہے گھریلو ملازمین میں ڈرائیور، چوکیدار، ملازمہ وغی ہ شامل ہیں۔ اس پیشے کے حامل افراد کے اقاموں کا اجرا وتجدید براہ راست جوازات کے ذمہ ہوتی ہے جبکہ کمرشل ملازمین کے اقاموں کا اجرا و تجدید سے قبل وزارت افرادی قوت کی جانب سے ورک پرمٹ کی تجدید کرائی جاتی ہے۔