فرانسیسی تحقیقی ٹیم کا سعودی صحرا کا 40 روزہ مطالعاتی سفر
فرانسیسی تحقیقی ٹیم کا سعودی صحرا کا 40 روزہ مطالعاتی سفر
بدھ 21 جون 2023 18:13
مطالعاتی ٹیم نے الجوف سے جنوب کی طرف الحائل تک 320 کلومیٹر پیدل سفر کیا۔ فوٹو عرب نیوز
فرانسیسی سائنسی تحقیقی ٹیم ڈیپ کلائمیٹ نے معروف محقق اور ایکسپلورر کرسٹین کلوٹ کی قیادت میں مملکت کے صحرا کا 40 روزہ مطالعاتی سفر کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو کے تعاون سے مملکت کے شمال میں یہ مطالعاتی سفر موسمیاتی تبدیلیوں اور آب و ہوا سے متعلق ہے۔
33 رضاکاروں کی مطالعاتی ٹیم نے مئی اور جون میں لگاتار 40 دنوں تک گرم خشک آب و ہوا کے دوران شمالی علاقے الجوف سے جنوب کی طرف جبہ الحائل تک 320 کلومیٹر پیدل سفر کیا ہے۔
مملکت کی الفیصل یونیورسٹی، کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(کاوسٹ) اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے سعودی صحرا کے شدید حالات میں انسانی جسم اور دماغ پر گرمی کے اثرات کے سائنسی ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں آب و ہوا سے متعلق یہ مطالعاتی دورہ فرانسیسی ٹیم کی مہم کا تیسرا مشن ہے اس سے قبل ٹیم نے اپنے مشن کا آغاز گیانا کے گیانا ایمیزونی پارک میں گرمی اور ہوا میں نمی کے مطالعہ سے کیا جس کے بعد لیپ لینڈ، فن لینڈ میں خشک سردی کا مطالعہ کیا گیا۔
سعودی ویژن 2030 کے تحت سائنسی تحقیق کے دیگر مختلف شعبوں میں ٹیم کے کام کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ڈیپ کلائمیٹ سعودی عرب میں تحقیق کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
سعودی عرب کے علاقے الجبہ الحائل میں آٹھ صدیوں قبل مسیح پر محیط آثار قدیمہ ہیں جو یونیسکو میں تحقیقی مقام کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی عرب میں جنگلی حیات کا ایک وسیع ذخیرہ ہے جو الجوف، حائل، تبوک، اور شمالی سرحدوں چار خطوں میں پھیلا ہوا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں