Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا نے آبدوز ٹائٹن کے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا

کینیڈین حکام نے ٹائی ٹینک جہاز کا ملبہ دیکھنے کے لیے گہرے سمندر میں جانے والے ٹائٹن آبدوز کے پھٹنے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو امریکی کوسٹ گارڈ نے تصدیق کی تھی کہ ٹائٹن آبدوز میں سوار پانچوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
آبدوز کے ملبے کے حصے بحر اوقیانوس کی تہہ سے ملے تھے۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے ریئر ایڈمرل جان میگر نے کہا تھا کہ حادثہ آبدوز کے اندر دھماکے سے ہوا۔
امریکی اور کینیڈا سمیت مختلف اداروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا تھا۔
گزشتہ اتوار کو سطح آب پر موجود کینیڈا کی پولر پرنس کارگو جہاز نے ٹائٹن کو سمندر میں چھوڑا تھا تاہم ایک گھنٹہ اور 45 منٹ کے بعد آبدوز کا جہاز سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
کینیڈا کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے کہا ہے کہ چونکہ پولر پرنس جہاز کینیڈین جہاز ہے اس لیے وہ آبدوز کے آپریشن کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر رہا ہے۔
ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے اپنی ٹیم سینٹ جانز نیوفاؤنڈ لینڈ روانہ کر دی ہے، یہ ٹیم وہاں معلومات اکٹھا کرے گی اور لوگوں سے انٹرویوز کرے گی۔
ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے حکام کے مطابق ہم اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے دیگر اداروں سے بھی رابطہ کریں گے۔
ریسکیو حکام نے کہا تھا کہ ٹائٹن کا ملبہ ٹائی ٹینک سے 16 سو فٹ (500 میٹر) کے فاصلے پر ملا۔
جمعے کو آبدوز ’ٹائٹن‘ کو چلانے والی کمپنی اوشن گیٹ نے بھی پانچوں مسافروں کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔
اوشن گیٹ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’دکھ کی اس گھڑی میں ہمارے دل ان پانچوں روحوں اور ان کے خاندان کے ہر فرد کے ساتھ ہیں۔ ہمیں سیاحوں کو کھونے کا بہت دکھ ہے۔‘

شیئر: