دبئی میں کارکنوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، تعمیراتی کمپنی پر جرمانہ
مجموعی طورپر 10 لاکھ 75 ہزاردرھم ادا کرنے کا حکم دیا گیا ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی لیبر کورٹ نے کارکنوں کو دو ماہ سے تنخواہ ادا نہ کرنے پر تعمیراتی کمپنی کے مالک پر 10 لاکھ 75 ہزار درھم جرمانہ عائد کیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی میں تعمیراتی کمپنی کے 215 ملازمین نے دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر لیبر کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔
عدالت نے کمپنی کے مالک کو طلب کیا او کارکنوں کو تنخواہیں ادا نہ کرنے کے بارے میں دریافت کیا۔
کمپنی کے مالک نے موقف اختیار کیا کہ ’مالی حالات کی خرابی کے باعث کارکنوں کو تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں۔‘
عدالت نے کمپنی کے مالک کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے اس پر جرمانے کے طور پر فی کارکن پانچ ہزاردرھم جو کہ مجموعی طورپر 10 لاکھ 75 ہزاردرھم بنتے ہیں ادا کرنے کا حکم دیا۔
لیبرکورٹ کے قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ ’کمپنی اور اداروں کے مالکان کو چاہیے کہ وہ کارکنوں کو بروقت ان کی تنخواہیں اور واجبات ادا کریں۔ تنخواہوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر سے کام نہ لیا جائے۔‘
قانونی مشیر نے مزید کہا کہ ’تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں کارکن فوری طور پر قانونی ادارے کو مطلع کریں جہاں ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔‘