بالی وُڈ کی نئی فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ میں کوک سٹوڈیو پاکستان کے بلاک بسٹر گانے ’پسوڑی‘ کے ریمیک کو شامل کیے جانے پر جہاں دونوں ممالک کے شہری سوشل میڈیا پر اپنا ردِعمل دے رہے ہیں، وہیں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر بھی اس معاملے پر بول پڑے ہیں۔
پسوڑی 2022 میں کوک سٹوڈیو پاکستان پر گلوکار علی سیٹھی اور سائے گِل کی آواز میں ریلیز ہونے والا بلاک بسٹر گانا ہے جسے پاکستان اور انڈیا سمیت پوری دنیا میں بھرپور پذیرائی ملی۔
مزید پڑھیں
-
سال 2022 ’پسوڑی‘ اور ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے نامNode ID: 727881
اس گانے کو انڈیا کی مشہور میوزک کمپنی ٹی سیریز کے تعاون سے کارتک آریان اور کیارا ایڈوانی کی فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ میں ریمیک کر کے شامل کیا گیا ہے۔
’ستیا پریم کی کتھا‘ میں اس گانے کو ’پسوڑی نو‘ کا ٹائٹل دیا گیا ہے جسے اریجیت سنگھ اور تُلسی کمار نے گایا ہے۔
اس بارے میں منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سپیڈ سٹار شعیب اختر نے پنجابی میں لکھا کہ ’ائے کی پسوڑی پائی اے‘ یعنی یہ کیا پسوڑی ڈالی ہوئی ہے۔
کوک سٹوڈیو پاکستان کے گانے ’پسوڑی‘ کو اب تک یوٹیوب پر لگ بھگ 60 کروڑ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جبکہ ٹی سیریز پر پیر کے روز اپلوڈ ہونے والے اس کے ریمیک کو اب تک ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
Aye ki pasoori paayi ay.
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) June 27, 2023