Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی انڈین فلم میں ’پسوڑی‘ کا ریمیک، ’بالی وُڈ کوک سٹوڈیو سے دُور رہو‘

فلم 29 جون کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ (فوٹو: یوٹیوب سکرین گریب)
بالی وُڈ کی نئی آنے والی فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ کے بارے میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اس فلم میں پاکستانی کوک سٹوڈیو کے بلاک بسٹر گانے ’پسوڑی‘ کے ریمیک کو شامل کیا جا رہا ہے۔
ویب سائٹ ’بالی وُڈ ہنگامہ‘ کے مطابق کارتک آریان اور کیارا ایڈوانی کی یہ فلم 29 جون کو ریلیز ہوگی تاہم اس کا یہ گانا بدھ کے روز ممبئی میں شوٹ کیا جائے گا اور اس گانے کو فلم کی ریلیز سے قبل ریلیز کیا جائے گا۔
فروری 2022 میں کوک سٹوڈیو پاکستان کا ریلیز ہونے والا گانا ’پسوڑی‘ پاکستانی میوزک انڈسٹری کی تاریخ کے کامیاب ترین گانوں میں سے ایک ہے۔
گلوکار علی سیٹھی اور شائے گِل کے اس گانے کو پاکستان اور انڈیا سمیت دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملی۔
اس بلاک بسٹر گانے کو یوٹیوب پر اب تک 59 کروڑ 38 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
دوسری جانب رومانس اور ڈرامہ سے بھرپور فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ کے ٹریلر کے مطابق کہانی ستیاپریم (کارتک آریان) نامی گجراتی لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو کتھا (کیارا ایڈوانی) سے محبت کرتا ہے اور پھر اس سے شادی کی بات کرتا ہے۔ کچھ انتظار کے بعد دونوں کو آپس میں محبت ہو جاتی ہے لیکن شادی کے بعد دونوں کے درمیان شدید مسائل جنم لیتے ہیں جن کی وجوہات کو ٹریلر میں نہیں بتایا گیا۔
پسوڑی کے ریمیک کو ’ستیا پریم کی کتھا‘ میں شامل کیے جانے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے شدید ردِ عمل دیکھنے کو مِل رہا ہے۔
شبھم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’وہ (بالی وُڈ) دوبارہ پسوڑی بنا رہے ہیں۔ اپنے آپ کو تیار کر لیں۔
سیجل نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پلیز نہیں۔۔ بالی وُڈ کوک سٹوڈیو سے دُور رہو۔
ابھینایا نے بالی وُڈ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس وقت بالی وُڈ کو کچھ بھی کمانے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔ تخلیق کاری صفر ہے، کام چوری کر رہے ہیں۔
29 جون کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں کارتک آریان اور کیارا ایڈوانی کے ساتھ راج پال یادیو، گجراج راؤ اور سُوپریا پاٹھک نے بھی کام کیا ہے

شیئر: