Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورزش کے دوران دل کے دورے سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟

ورزش کرنے سے پہلے ہمیشہ وارم اپ کریں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
ورزش کرنا ہماری صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔ ورزش کرنے سے جہاں دل کی بیماریوں سے نجات ملتی ہے جبکہ اس سے ذیابیطس اور موٹاپے کو بھی قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ورزش کے جہاں کافی فوائد ہیں وہیں ورزش کے دوران یا پھر اس سے تھوڑی دیر بعد ورزش کرنے والے افراد کو دل کا دورہ پڑنے کی بھی خبریں آتی ہیں جس کے بعد یہ سوال سامنے آتا ہے کہ کیا آیا ورزش کرنے سے دل کا دورہ پڑ سکتا ہے؟
عام طور پر ورزش سے براہ راست دورہ نہیں پڑتا تاہم ورزش کے دوران کچھ ایسی غلطیاں ہو سکتی ہیں جن سے دورہ پڑ سکتا ہے۔
آئیے جانتے ہیں ورزش کرنے کے دوران دل کے دورے سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔

ورزش کا آغاز آہستہ اور تحمل سے کریں

اگر آپ ورزش کر رہے ہیں تو اس کا آغاز تحمل سے کریں اور آغاز میں دورانیہ کم رکھیں اور پھر آہستہ آہستہ دورانیے کو بڑھائیں۔ اس سے آپ کے دل کو آپ کے جسم کی ضرورت کا پتا چلے گا۔ مثال کے طور پر اگر آپ دوڑ لگاتے ہیں تو اُس کا آغاز ہلکی دوڑ یعنی سَلو جاگنگ سے کریں اور پھر آہستہ آہستہ رفتار کو بڑھائیں۔ آغاز میں تیزی سے دوڑ لگانے سے آپ کے دل پر دباؤ پڑ سکتا ہے اور دل کے دورے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

وارم اپ کریں

ورزش کرنے سے پہلے ہمیشہ وارم اپ کریں اور ورزش کر لینے کے بعد اپنے جسم کو ٹھنڈا ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔ اس سے آپ کے دل پر دباؤ کم پڑے گا اور دل کی دھڑکن آہستہ آہستہ کم اور زیادہ ہو گی۔ ورزش سے پہلے چہل قدمی اور سٹریچنگ سے وارم اپ کیا جا سکتا ہے جبکہ ورزش کے بعد تنفس کی مشق اور سٹریچنگ سے جسم کو ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے۔

ورزش کے دوران اپنی حدود کو جاننے سے بھی دل کے دورے سے بچا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: پکسابے)

جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں

ایک صحت مند دل کے لیے جسم میں پانی کا پورا ہونا نہایت اہم ہے۔ ورزش کے دوران پسینے کی صورت میں جسم سے پانی خارج ہوتا ہے جس کے باعث پانی کی کمی کو پورا کرنا نہایت اہم ہے۔ پسینے سے ہونے والی پانی کی کمی کو پانی پینے یا پھر الیکٹورولائٹس والے ’سپورٹس واٹر‘ سے پورا کیا جا سکتا ہے۔

دل کی دھڑکن کو مانیٹر کریں

ورزش کے دوران دل کی دھڑکن کو مانیٹر کرنے سے بھی دل کے دورے سے بچا جا سکتا ہے۔ ورزش کے دوران ’ہارٹ ریٹ مانیٹر‘ سے اپنے دل کی دھڑکن کا ریکارڈ چیک کریں اور اسے صحت مند لیول پر رکھیں۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق ہمارے دل کی دھڑکن زیادہ سے زیادہ 50 سے 85 فیصد کے درمیان ہونی چاہیے۔

صحیح ورزش کا انتخاب کریں

صحیح ورزش کا انتخاب کرنے سے بھی دل کے دورے سے بچا جا سکتا ہے۔ ایسی ورزش جیسا کے سوئمنگ، سائیکلنگ اور واک کا انتخاب کرنا چاہیے، جس سے دل پر دباؤ کم پڑے۔ ایسی ورزش جیسا کے تیز دوڑ اور جمپنگ سے دل پر اضافی دباؤ پڑتا ہے اور دل کا دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اپنی حدود کو جانیں

ورزش کے دوران اپنی حدود کو جاننے سے بھی دل کے دورے سے بچا جا سکتا ہے۔ اپنے اوپر اضافی ورزش کا بوجھ مت ڈالیں اور اپنے جسم کی ضرورت کو سمجھیں۔ اگر دورانِ ورزش آپ کو چکر آئیں یا پھر سینے میں تکلیف ہو تو فوری طور پر ورزش کرنا چھوڑ دیں۔

ایک صحت مند دل کے لیے جسم میں پانی کا پورا ہونا نہایت اہم ہے۔ (فوٹو: گیٹی امیج)

اپنے آپ کو ٹھنڈا رکھیں

گرم موسم میں ورزش کرنا دل پر اضافی کھچاؤ ڈال سکتا ہے۔ شدید گرمی کے وقت ورزش کرنے سے اجتناب کریں اور پانی پیتے رہیں۔ ورزش کے دوران ہلکے رنگوں والے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں تاکہ آپ کا جسم ٹھنڈا رہ سکے۔

طبی ماہرین سے مشورہ لیں

اگر آپ کسی جسمانی عارضے کا شکار ہیں تو کوئی بھی ورزش شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔ وہ آپ کی ٹھیک ورزش کرنے میں مدد کر سکتا ہے اور دل کے دورے سے بچنے کے لیے رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔

شیئر: