سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جدہ اسلامی بندرگاہ اور ملک کے دیگر ایئرپورٹس اور بندرگاہوں سے وطن جانے والے حجاج کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے قرآن پاک کا تحفے دے رہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت ہے کہ ’حجاج کو قرآن پاک کے 20 لاکھ نسخے مملکت سے رخصت ہوتے وقت تحفے کے طور پر دیے جائیں‘۔
وزارت اسلامی امور نے بیان میں کہا کہ ’مدینہ منورہ میں کنگ فہد کمپلیکس برائے اشاعت قرآن کے شائع کردہ نسخے ہی تحفے کے طور پر دیے جارہے ہیں‘۔
’قرآن پاک کے یہ نسخے مختلف سائز کے ہیں اور76 سے زیادہ زبانوں میں قرآن پاک کے معانی کے تراجم پر مشتمل ہیں‘۔
وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا کہ ’قرآن پاک کا تحفہ انمول ہے۔ اس کے لیے سعودی قیادت شکریے کی مستحق ہے‘۔