حج سیزن 2023 کی کامیابی، ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ولی عہد کو مبارکباد
عبدالرحمن السدیس نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دی ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حج سیزن 2023 کے انتظامات کی کامیابی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے منی پیلس میں شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران حالیہ حج سیزن کامیابیوں پر قدر و منزلت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’حجاج کو معیاری صحت خدمات فراہم کی گئیں۔ امن و سلامتی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔ سمارٹ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ایپس کا استعمال کیا گیا۔ متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون سے کام لیا گیا۔‘
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلٰی کا کہنا تھا کہ ’حج انتظامات میں کامیابی کا سہرا ولی عہد کی جانب سے حج خدمات کی تمام تفصیلات سے پل پل واقفیت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کے سر جاتا ہے۔‘
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلٰی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ’ الوادعی طواف کے انتظامات کامیاب رہے۔ اعلٰی بین الاقوامی معیار کے مطابق حجاج کو بہترین سہولتیں کو فراہم کی گئیں۔ مطاف میں توسیع اور سعودی دالان کی وجہ سے کافی گنجائش نکل آئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حرمین شریفین آپریشنل پلان کے دوسرے مرحلے میں تمام فیلڈ ٹیمیں 100 فیصد چوکس ہیں اور حجاج کی خدمت کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔‘