Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت

 حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران بے گناہ فلسطینی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں (فوڈو: اے ایف پی)
سعودی وزارت خارجہ نے منگل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور جنین پناہ گزین کیمپ میں فوجی کارروائی کی مذمت کی ہے۔
مغربی کنارے کے شہر جنین میں حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران بے گناہ فلسطینی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے سعودی عرب کی طرف سے اسرائیلی فوج کی طرف سے کی جانے والی سنگین خلاف ورزیوں کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔
بیان میں متاثرین کے اہل خانہ، حکومت اور فلسطینی عوام کے ساتھ دلی تعزیت،ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔
دو روزہ اسرائیلی آپریشن میں فلسطینوں کی ہلا کتوں کی تعداد دس ہوگئی ہے۔ 
پیر کو مغربی کنارے میں شروع ہونے والا اسرائیلی آپریشن مغربی کنارے میں دو دہائیوں میں ہونے والی سب سے شدید فوجی کارروائیوں میں سے ہے۔
اس سال مغربی کنارے میں 140 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیلیوں کو نشانہ بنائے جانے والے فلسطینی حملوں میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
 یاد رہے کہ عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) ،خلیجی تعاون کونسل ( جی سی سی) اور عرب ممالک نےبھی  پیر کو مغربی کنارے کے فلسطینی شہر جنین میں فلسطینیوں کے خلاف ’ضرورت سے زیادہ فوجی طاقت کے استعمال‘ کی مذمت کی تھی۔
 ایس پی اے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے ایک بیان میں اقوام متحدہ  کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا  تھا کہ ’وہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت کو رکوائے اور اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے‘۔ 

شیئر: