Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمرہ زائرین براہ راست سعودی کمپنی سے پیکیج حاصل کرسکتے ہیں‘ 

نسک ایپ کے ذریعے تاریخ اور وقت بک کرنے کی سہولت بھی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں معاون سیکریٹری عمرہ عبدالرحمن شمس نے کہا ہے کہ ’سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے کئی چینلز قائم کیے ہیں جن کے ذریعے وہ عمرہ  اور مسجد نبوی کی زیارت کرسکتے ہیں‘۔ 
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’عمرہ زائرین براہ راست سعودی عمرہ کمپنی سے پیکیج حاصل کرسکتے ہیں۔ عمرہ زائرین کو نسک ایپ کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی کی تاریخ اور وقت بک کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے‘۔ 
عبدالرحمن شمس نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین سے کہا ہے کہ وہ تمام دستیاب چینلز میں سے کسی سے استفادہ کرسکتے ہیں، کسی ایک کے  پابند نہیں ہیں‘۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے نئے عمرہ سیزن کا آغاز کرتے ہوئے ای ویزے کا اجرا شروع کر دیا ہے۔
عمرہ زائرین کی سعودی عرب  آمد کا آغاز یکم محرم 19 جولائی سے ہوگا۔
اس سہولت کا مقصد زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کوبہتر بنانا اور سعودی عرب آمد کو آسان بنانا ہے۔
 ایس پی اے کے مطابق  وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا تھا کہ عمرہ ای ویزے کے لیے نسک پلیٹ فارم https://www.nusuk.sa/ar/about پر درخواست دی جا سکتی ہے۔ 
’ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے کارروائی مشکل  نہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے کے لیے اس پلیٹ فارم کے ذریعے ای عمرہ ویزا جاری کراسکتے ہیں‘۔
’نسک پلیٹ فارم کی مدد سے رہائش اور ٹرانسپورٹ کی سہولت حسب مرضی حاصل کی جاسکتی ہیں‘۔ 
وزارت کا کہنا  تھا کہ ’نسک پلیٹ فارم کے ذریعے متعدد زبانوں میں مطلوبہ اہم معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں اور یہ سہولت چوبیس گھنٹے دستیاب ہے‘۔ 

شیئر: