Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت حج کی جانب سے نئے عمرہ سیزن کے لیے ای ویزوں کا اجرا

زائرین کی آمد کا آغاز یکم محرم 19 جولائی سے ہوگا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے نئے عمرہ سیزن کا آغاز کرتے ہوئے ای ویزے کا اجرا شروع کر دیا ہے۔
عمرہ زائرین کی سعودی عرب  آمد کا آغاز یکم محرم 19 جولائی سے ہوگا۔
اس سہولت کا مقصد زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کوبہتر بنانا اور سعودی عرب آمد کو آسان بنانا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ عمرہ ای ویزے کے لیے نسک پلیٹ فارم https://www.nusuk.sa/ar/about پر درخواست دی جا سکتی ہے۔ 
بیان میں کہا گیا کہ’ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے کارروائی مشکل  نہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے کے لیے اس پلیٹ فارم کے ذریعے ای عمرہ ویزا جاری کراسکتے ہیں‘۔
’نسک پلیٹ فارم کی مدد سے رہائش اور ٹرانسپورٹ کی سہولت حسب مرضی حاصل کی جاسکتی ہیں‘۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ ’نسک پلیٹ فارم کے ذریعے متعدد زبانوں میں مطلوبہ اہم معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں اور یہ سہولت چوبیس گھنٹے دستیاب ہے‘۔ 
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ اس سے قبل اعلان کرچکی ہے کہ جی سی سی ممالک میں مقیم غیرملکی اسی طرح امریکہ، برطانیہ اور شنگن ممالک کے ویزا ہولڈرز سیاحتی ویزاحاصل کرکے عمرے کے لیے آسکتے ہیں۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ’ زائرین کو مملکت آمد سے قبل نسک ایپ پر ریاض الجنہ کی زیارت اور عمرے کی بکنگ کی سہولت ہوگی‘۔ 

عمرہ ویزے کی میعاد 30 دن سے بڑھا کر نوے دن کردی گئی ہے (فوٹو: روئٹرز)

وزارت حج و عمرہ کے مطابق مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے فیملی ویزا ہولڈر اسی طرح کسی سعودی شہری کی میزبانی میں وزٹ ویزے پر آنے والے  اور اسی طرح ٹرانزٹ ویزا ہولڈر بھی نسک ایپ کے ذریعے عمرہ اور زیارت کرسکتے ہیں‘۔ 
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے عمرے کا دائرہ وسیع کرنےکے لیے متعدد سہولتوں کا اعلان کیا ہے ان میں عمرہ زائرین کی انشورنس فیس میں 63 فیصد کمی شامل ہے۔ 
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’چوبیس گھنٹے میں عمرہ ویزے کا اجرا اور عمرہ ویزے کی میعاد 30 دن سے بڑھا کر نوے دن کردی گئی ہے‘۔
عمرہ ویزے کے لیے صحت شرائط ختم کردی گئی ہے۔ اسی طرح خواتین کے لیے محرم کی شرط بھی اب نہیں ہے۔ عمرہ ویزے پر آنے والوں کو مملکت بھر میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔  

شیئر: