سیاحت کا فروغ، سعودی عرب انڈیا سے پروازیں بڑھانے کے لیے تیار
پروازوں کی تعداد 243 سے بڑھا کر 290 فی ہفتہ کرنے کا منصوبہ ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ٹورازم اتھارٹی سیاحت کو فروغ دینے اور انڈیا سے آنے والے پروازوں میں 19 فیصد اضافہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ایشیا پیسیفک مارکیٹس کے صدر الحسن الدباغ نے کہا کہ مملکت انڈیا سے پروازوں کی موجودہ تعداد 243 سے بڑھا کر 290 فی ہفتہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
الحسن الدباغ نے ایک میگزین کو انٹرویو میں بتایا کہ ’2022 میں انڈیا سے تقریباً 10 وزیٹرز نے مملکت کا دورہ کیا اور اس کا مقصد 2023 میں وزیٹرز کی تعداد کو دگنا کرنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران چار لاکھ انڈین مسافروں کا خیر مقدم کیا ہے اور ہمارا مقصد 2030 تک 12 ملین انڈین وزیٹرز تک پہنچنے کا ہے۔‘
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ایشیا پیسیفک مارکیٹس کے صدر نے کہا کہ ’ہمارے 96 گھنٹے کے مفت سٹاپ اوور ویزا کے ساتھ سعودی جانا اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہے۔ ہم نے انڈیا کے ارد گرد نو وی ایف ایس تسیل ویزا دفاتر کھولے ہیں تاکہ سعودی عرب آنے والوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔‘
الحسن الدباغ نے کہا کہ ’سعودی عرب انڈین مسافروں کے دو اہم طبقات کو ہدف بنا رہا ہے۔ پہلا وہ خاندان ہیں جو مملکت کے امیر ثقافتی علاقوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں اور دوسرا وہ مسافر جو اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے ملنے سعودی عرب جاتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دوستانہ اور ثقافتی اعتبار سے بھرپور تجربات کے ساتھ اپنے چھوٹے شہروں کو فعال کرنا ہمارے سیاحتی انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کی کلید ہو گا جو سیاحوں کو ہمارے ورثے کے قریب لائے گا۔‘
مضبوط سیاحتی ماحول کی تشکیل سعودی عرب کے وژن 2030 کا ایک اہم ستون ہے کیونکہ مملکت مسلسل اپنی معیشت کو متنوع بنا رہی ہے جو کئی دہائیوں سے تیل پر منحصر ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کا مقصد 2030 تک 100 ملین وزیٹرز کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ مملکت کی مجموعی گھریلو پیداوار میں سیاحت کے شعبے کے تعاون کو 10 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔