مدینہ میں 20 ہزار سے زیادہ حجاج کو صحت خدمات کی فراہمی
مدینہ میں 20 ہزار سے زیادہ حجاج کو صحت خدمات کی فراہمی
اتوار 9 جولائی 2023 19:43
ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز سے 2443 حجاج نے رجوع کیا(فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میں سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز نے 20 ہزار سے زیادہ حجاج کو صحت خدمات فراہم کی ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ’ 20 ہزار495 حجاج کو مسجد نبوی سے متصل مقامات اور شہر کے مرکزی علاقے میں واقع ہیلتھ سینٹرز نے صحت خدمات فراہم کی گئی ہیں‘۔
یہ اعدادوشمار فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد مسجد نبوی کی زیارت کے لیے مدینہ منورہ آنے والے حجاج کے حوالے سے ہیں۔
علاوہ ازیں مدینہ منورہ کے ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز سے 2443 حجاج نے رجوع کیا جبکہ ہیلتھ سینٹرز سے 18052 حجاج نے فائدہ اٹھایا۔
گیارہ حجاج کو جو دل کے عارضے میں مبتلا تھے مختلف قسم کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ ان میں آپریشن شامل ہیں۔
27 حجاج کو ڈائیلائسز کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ 7185 کو صحت آگہی مہیا کی گئی۔