مکہ کے بازاروں کی رونقیں بحال، حجاج کیا تحائف خرید رہے ہیں؟
مکہ کے بازاروں کی رونقیں بحال، حجاج کیا تحائف خرید رہے ہیں؟
پیر 3 جولائی 2023 5:19
مسجد الحرام کے قریب واقع بازار میں ہر وقت چہل پہل نظر آ رہی ہے۔ (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں کورونا وبا کے خاتمے کے بعد اس سال حج سیزن میں مکہ کے بازاروں کی رونقیں لوٹ آئی ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق مسجد الحرام میں ہر فرض نماز کے بعد ہزاروں حجاج اطراف کے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں اور وہاں سے اپنی پسند کے سامان کی خریداری کر رہے ہیں۔
عراقی حاجی علی الحکیمی نے کہا کہ ’مسجد الحرام کے قریب واقع بازار میں رونق ہے۔ یہاں ہر وقت چہل پہل نظر آ رہی ہے۔‘
ایک اور عراقی حاجی عبد زید کا کہنا ہے کہ ’گاہکوں کی بھیڑ ہر جگہ اور ہر وقت ہے۔ اس کے باوجود قیمتیں مناسب ہیں۔‘
’ہمارے ملک کے بازاروں کے مقابلے میں یہاں چیزیں سستی ہیں۔ سامان میں ورائٹی بھی ہے۔‘
ایک سوڈانی حاجی نے کہا کہ ’مکہ آنے والے ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے پیاروں کے لیے کچھ نہ کچھ یادگار تحائف یہاں سے ضرور لے کر جائے۔‘
اردنی حاجی احمد الخالدی کا کہنا تھا کہ ’لاکھوں حاجیوں کا مکہ مکرمہ کے بازاروں میں خریداری اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں اشیا سستی ہیں۔‘
العربیہ کے مطابق مختلف ممالک سے آنے والے حجاج مکہ سے اپنے عزیزوں اور دوستوں کے لیے تحائف خرید رہے ہیں۔
حجاج کا کہنا ہے کہ ’یہ چیزیں ہمارے ملکوں کی مارکیٹوں میں بھی دستیاب ہیں مگر مکہ مکرمہ سے خریدی جانے والی اشیا کی اہمیت الگ ہے۔‘
’یہاں سے خریدے جانے والے تحائف اعزہ و احباب کے لیے انمول ہوتے ہیں۔‘
حجاج کھلونے، ملبوسات، خوشبویات، جائے نماز، مصنوعی زیورات، حرمین شریفین کے ماڈلز، تسبیجیں، کھجوریں، خانہ کعبہ اور مسجد الحرام کی تصاویر سے مزین تحائف خریدنے میں مصروف ہیں۔