Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باخموت کا گھیرا تنگ، یوکرینی فوج کا سٹریٹیجک علاقوں پر قبضہ

یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ بخموت شہر کے گرد اہم اونچے مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ فوٹو: اے پی
روسی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے یوکرینی فوج نے مشرقی شہر باخموت کے گرد علاقوں کا قبضہ سنبھال لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نائب وزیر دفاع گانا ملیار نے کہا کہ یوکرینی فوج نے شہر کے اطراف میں دشمن کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت اس کی نقل و حرکت پر اپنا کنٹرول قائم کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوکرینی فوج نے پیش قدمی کے دوران بخموت شہر کے گرد اہم اونچے مقامات کا کنٹرول سنبھالا ہے۔
یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ شروع ہونے والی جوابی کارروائی کے بعد سے باخموت شہر پر قبضہ کرنے والی روسی افواج کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے بخموت کے اطراف میں 24 مربع کلو میٹر کا علاقہ اور جنوبی محاذ پر 169 مربع کلومیٹر کے علاقے کا قبضہ واپس لے لیا ہے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روسی قبضے کے خلاف شروع ہونے والی جوابی حملوں کی مہم کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
جبکہ دوسری جانب یورپی ملک لیتھواینیا میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تمام رکن ممالک کے سربراہان اکھٹے ہوئے ہیں جو یوکرین کی مغربی اتحاد میں رکنیت کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے جو مغربی ممالک کی جانب سے نیٹو میں شمولیت کی دعوت اور جنگ رہنے تک واضح سکیورٹی گارنٹی چاہتے ہیں۔
صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین کو نیٹو میں شامل کر کہ مغربی ممالک کی جانب سے پیغام جائے گا کہ مغربی دفاعی اتحاد ماسکو سے خوفزدہ نہیں ہے۔
نیٹو کے چند رکن ممالک یوکرین کو رکنیت دینے کے حق میں ہیں تاہم امریکہ اور جرمنی کے خیال میں ایسا کرنے سے روس کے ساتھ تنازعات مزید بڑھ جائیں گے۔
امریکی ٹیلی ویژن سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں صدر جو بائیدن نے یوکرین کے نیٹو کا رکن بننے کے معاملے پر احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ نیٹو کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدے کی وجہ سے اتحادی ممالک کی روس کے ساتھ جنگی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں نہیں سمجھتا کہ اس موقع پر، جنگ کے دوران، نیٹو میں اس بارے میں اتفاق رائے پائی جاتی ہے کہ یوکرین کو نیٹو فیملی میں شامل کرنا ہے یا نہیں۔‘
نیٹو نے 2008 میں کہا تھا کہ یوکرین کو اتحاد میں شامل کیا جائے گا لیکن اس حوالے سے ابھی تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔

شیئر: