Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور میں ڈاکٹروں نے معمر شخص کے گلے سے آدھا چبایا ہوا آکٹوپس نکال لیا

سرجری کے دو دن بعد 55 برس کے مریض کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا (فائل فوٹو: ریگل ہاسپٹل)
سنگاپور میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے گلے میں سے آدھا چبایا ہوا آکٹوپس نکالا ہے۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق یہ واقعہ سنگاپور کے ٹین ٹوک ہسپتال میں پیش آیا جہاں ڈاکٹروں نے سرجری کے بعد ایک شخص کی خوراک کی نالی میں پھنسا ہوا آکٹوپس کامیابی سے نکال لیا۔
تفصیلات کے مطابق 55 برس کے متاثرہ شخص نے شکایت کی کہ اسے کھانا کھانے (آکٹوپس) کے بعد سے کچھ بھی نگلنے میں تکلیف ہوتی ہے جس کے بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں سی ٹی سکین میں متاثرہ شخص کی خوراک کی نالی میں گہرے مادے کے پھنسے ہونے کی تشخیص ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص کی خوراک کی نالی اور معدے کے قریب آکٹوپس پھنسا ہوا تھا۔
خوراک کی نالی میں آکٹوپس کے پھنسے ہونے کی تشخیص کے بعد ڈاکٹروں نے اسے نکالنے کی کئی ناکام کوششیں کیں، لیکن پھر اسے اینڈوسکوپ کے ذریعے باہر کھینچنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد متاثرہ شخص کے اندر پھنسا آکٹوپس باہر نکل آیا۔
اس سرجری کے دو دن بعد 55 برس کے مریض کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
 ہسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق ان کے پاس کھانا پھنسنے سے متاثرہ افراد کا آنا معمول کی بات ہے۔ ایسے 10 سے 20 فیصد کیسز میں اینڈوسکوپ کو استعمال کرنا پڑ جاتا ہے، جبکہ ایک فیصد کیسز میں سرجری کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ 2016 میں امریکی ریاست کینساس میں دو برس کے بچے کے ساتھ بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب اس کے گلے میں آکٹوپس کے پھنسنے کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس سلسلے میں ڈاکٹروں نے بچے کے چہرے پر زخموں کے نشانات بھی دیکھے تھے جس کے بعد بچے سے بدسلوکی کے شبے میں 36 برس کے شخص کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

شیئر: