Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنائیں گے ‘جاپانی وزیر اعظم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ بدر بن سلطان نے ان کا خیرمقدم کیا (فوٹو: ایس پی اے)
جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا اتوار کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئر پورٹ پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز نے ان کا خیرمقدم کیا۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح، جاپان میں سعودی عرب کے سفیر نایف الفھادی، مکہ ریجن کے پولیس ڈائریکٹر میجر جنرل صالح الجابری، مکہ ریجن کے رائل پروٹوکول کے ڈائریکٹر احمد عبداللہ بن ظافر اور سعودی عرب میں جاپان کے سفیر بھی استقبال کے لیے موجود تھے۔
علاوہ ازیں اتوار کو مشرق وسطی کے تین روزہ دورے کا آغاز کرنے والے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا  نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور جاپان کے دوطرفہ تعلقات مضبوطی  کی راہ پر گامزن ہیں‘۔
عرب نیوز کے مطابق الریاض اخبار کو انٹرویو میں جاپانی وزیراعظم نے ’اسٹریٹجک پارٹنر شپ ‘کی اہمیت پر زور دیا جس میں تیل کے علاوہ کئی شعبوں کو شامل کرنے کےلیے گزشتہ برسوں میں مسلسل ترقی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب جاپان کو اپنے خام تیل کی ضروریات کا تقریبا چالیس فیصد فراہم کرتا ہے جو دونوں ملکوں کے دریمان اسٹریٹجک تعاون کی اہمیت کو مزید اجا گر کرتا ہے‘۔
 انہوں نے عرب اور اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے اہم کردار اور خطے میں امن وسلامتی کےلیے اس کی مسلسل کوششوں کے حوالے سے بھی بات کی۔
انہوں نے سعودی، جاپانی وژن 2030 کے فریم ورک کے اندر مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے ٹوکیو کی خواہش پر بھی زور دیا جسے دونوں ممالک نے 2016 میں شروع کیا تھا۔
جاپانی وزیر اعظم کے اس دورے کا مقصد خلیج تعاون کونسل کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص توانائی میں تعاون بڑھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

شیئر: