یمن کی تعمیر و ترقی سے متعلق منصوبوں اور ترجیحات کا جائزہ
ملاقات میں باہمی تعاون کے شعبوں اور تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
یمن کی تعمیر و ترقی کے لیے سعودی پروگرام کے معاون سربراہ انجینیئر حسن العطاس سے پیر کو ریاض میں یمن کے لیے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی انچارج زینت علی نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون کے شعبوں اور تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
موجودہ مرحلے میں یمن کی تعمیر و ترقی سے متعلق ترجیحات پر بات چیت میں یمن میں ترقیاتی پروگرام اور پائیدار منصوبوں کے حوالے سے یمنی حکومت اور اس کے اداروں کے تعاون کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی نمائندہ زینت علی نے یمن میں تعمیر و ترقی کے سعودی پروگرام اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ یمن کی تعمیر و ترقی کا سعودی پروگرام اب تک 229 منصوبے یمنی بھائیوں کی مدد کے لیے نافذ کرچکا ہے۔
ان کا تعلق 7 شعبوں، تعلیم، صحت، پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت اور مچھلیوں کی افزائش سے ہے۔
سعودی عرب یمن کے سرکاری اداروں اور ترقیاتی پروگراموں کی استعداد بھی بڑھا رہا ہے۔