Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال میں پہلا ٹیسٹ میچ، پاکستان نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے دی

سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
جمعرات کو میچ کے آخری روز پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر جیت کے لیے مطلوبہ 131 رنز کا ہدف پہلے سیشن میں ہی حاصل کر لیا۔
میچ میں پاکستان کی جانب سے سعود شکیل کی پہلی اننگز میں ناقابلِ شکست ڈبل سینچری نمایاں رہی۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنی 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں۔
اتوار کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
سری لنکا نے دھننجایا ڈی سلوا کے 122 رنز کے بدولت پہلی اننگز میں 312 رنز بنائے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں ابتدائی بلے بازوں کی خراب کارکردگی کے بعد سعود شکیل کی ڈبل سینچری کی بدولت 471 رنز بنائے اور سری لنکا پر سبقت حاصل کی۔
سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پہلا ٹیسٹ سعود شکیل کے شاندار 209 رنز کی اننگز کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں دھننجایا ڈی سلوا نے 82، نشان مدھوشنکا نے 52 جبکہ رمیش مینڈس نے 42 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی دوسری اننگز کی ابتدا بھی اچھی نہ رہی اور 79 کے مجموعی سکور پر چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ تاہم اوپنر امام الحق نے نصف سینچری سکور کی اور سعود شکیل کے 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
گال ٹیسٹ میں پاکستانی سپنر ابرار احمد نے چھ جبکہ شاہین آفریدی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ، آغا سلمان اور نعمان علی کے حصے میں تین، تین وکٹیں آئیں۔
دو میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

شیئر: