حرمین ٹرین: تاخیر پر کمپنی کی مسافروں سے معذرت، ہرجانہ ادا کیا جائے گا
حرمین ٹرین: تاخیر پر کمپنی کی مسافروں سے معذرت، ہرجانہ ادا کیا جائے گا
جمعرات 20 جولائی 2023 12:45
ٹرین مکہ مکرمہ سے جدہ ایئرپورٹ جانے والی ٹرین میں 5 گھنٹے کی تاخیر ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
حرمین ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ سے جدہ ایئرپورٹ جانے والی ٹرین میں تاخیر پرمسافروں کو ہرجانہ ادا کیا جائے گا۔
ریلوے انتظامیہ نے فنی خرابی کی وجہ سے ہونے والی تاخیر پرمسافروں سے معذرت طلب کرتے ہوئے انہیں مقررہ ضوابط کے تحت ہرجانے کی ادائیگی کےلیے رابطہ شروع کردیا ہے۔
اخبار24 کے مطابق مکہ مکرمہ سے جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی جانے والی ٹرین 15140 میں ہونے والی تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا۔
حرمین ٹرین انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو متبادل ٹرین فراہم کی گئی تاہم اس میں کافی تاخیر ہوئی جس پرمسافروں نے انتظامی امور کے بارے میں شکایات درج کرائیں۔
اس حوالے سے ریل سروس کی انتظامی امور کی نگران کمپنی کی جانب سے معذرت کرتے ہوئے متاثرہ مسافروں کو اس امر کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انہیں ہرجانہ ادا کیا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے متاثرہ مسافروں کو انکے موبائل فون پررابطہ کیا جارہا ہے تاکہ انہیں ہرجانے کی رقم ارسال کی جاسکے۔
دریں اثنا سبق نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ سے ایئرپورٹ جانے والی ٹرین میں پانچ گھنٹے کی تاخیر ہوئی تھی جس پرمسافروں کو خاص طور پرایسے مسافر جنہیں ایئرپورٹ سے انٹرنیشنل فلائٹ حاصل کرنا تھا کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔