حرمین ٹرین، جدہ سے مکہ یکطرفہ کرایہ کتنا؟
جمعرات 30 مارچ 2023 23:23
رمضان کےلیےجدہ سے مکہ کا یکطرفہ کرایہ 23 ریال مقررکیا گیاہے(فوٹو، ٹوئٹر)
حرمین ایکسپریس ٹرین کے آپریشنل ڈائریکٹر انجینیئر ریان الحربی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مکہ اورجدہ کے لیے روزانہ 84 ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ یکطرفہ کرایہ 23 ریال سے شروع ہورہا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق ریان الحربی نے کہا کہ ہمارا مقصد جدہ میں آباد سعودی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں نیزوزٹ ویزوں پر آنے والوں کوزیادہ سے زیادہ عمرہ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
الحربی نے توجہ دلائی کہ جدہ کے السلیمانیہ ٹرین سٹیشن سے جدہ کے رہائشی حرمین ایکسپریس ٹرین کے ذریعے مکہ جاسکتے ہیں۔ سہولت یہ ہوگی کہ مکہ پہنچنے کے بعد ریلوے سٹیشن سے مسجد الحرام تک عمرہ زائرین کو بس سروس مہیا ہوگی۔
یاد رہے کہ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ آنے جانے کے لیے ٹرینوں کی تعداد میں ضرورت پڑنے پر اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ تمام ریلوے سٹیشنوں پر عمرہ زائرین کے لیے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔