Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 گلوبل ٹی20 میں شرکت کے لیے سپرسٹار کرکٹرز ٹورنٹو پہنچ گئے

کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ سپر سٹارز گلوبل ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شرکت کے لیے ٹورنٹو پہنچ گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق گلوبل ٹی -20 کینیڈا کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 20 جولائی سے برامپٹن، اونٹاریو کے ٹی ڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔

شمالی امریکہ کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ  18 دن تک جاری رہے گی۔ فوٹو ٹوئٹر

ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں برامپٹن وولوز کی میزبان ٹیم مسی ساگا پینتھرز کی ٹیم  سے مقابلہ کرے گی جب کہ فائنل میچ 6 اگست کو کھیلا جائے گا۔
برامپٹن وولوز کی ٹیم میں حسین طلعت، ہربھجن سنگھ، کولن ڈی گرینڈہوم اور مارک چیپ مین کے علاوہ جیریمی گورڈن اور ٹم ساؤتھی شامل ہیں۔
مسی ساگا پینتھرز کی ٹیم میں آل راؤنڈر شعیب ملک، وکٹ کیپر اعظم خان، عثمان قادر کے علاوہ کرس گیل، آل راؤنڈر جیمز نیشم سمیت دیگر کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔
شمالی امریکہ کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ میں 18 دن تک جاری رہے گی جس میں ایسوسی ایٹ نیشنز کے ساتھ ساتھ میزبان ملک کینیڈا کے کھلاڑیوں کے کیریئر کو آگے بڑھانے  میں مدد ملے گی۔

شائقین کو  کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ فوٹو ٹوئٹر

ٹورنامنٹ کے تمام میچوں کے ٹکٹوں کی تیزی سے فروخت اس بات کا پیش خیمہ ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد  کو اس ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
قبل ازیں منگل کو گلوبل ٹی-20 ٹورنامنٹ میں ٹرافی لانچ کا اہتمام کیا گیا جس میں اہم اسٹیک ہولڈرز موجود تھے۔
تقریب میں موجود گلوبل ٹی-20 کینیڈا کے ڈائریکٹر اشیت پٹیل نے خطاب کیا، اس کے بعد کرکٹ کینیڈا کے صدر رشپال باجوہ اور گلوبل ٹی-20  کینیڈا کے سی ای او رچرڈ بیریج  نے بھی اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر میئر پیٹرک براؤن بھی موجود تھے جنہوں نے برامپٹن کو ' شمالی امریکہ کا کرکٹ دارالحکومت' قرار دیا ہے۔

میئر نے برامپٹن' شمالی امریکہ کا کرکٹ دارالحکومت' قرار دیا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں برامپٹن وولوز،مسی ساگا پینتھرز، وینکوور نائٹس، ٹورنٹو نیشنلز، سرے جاگوارز اور مونٹریال ٹائیگرز شامل ہیں۔
ٹورنٹو نیشنلز میں شاہد آفریدی، کولن منرو، سکندر رضا اور کینیڈین کپتان سعد بن ظفر شامل ہیں۔
سرے جیگوارز میں ہارڈ ہٹنگ اوپنر ایلکس ہیلز، پاکستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز افتخار احمد اور آسٹریلوی سنسنی خیز کھلاڑی بین کٹنگ شامل ہیں۔ وینکوور نائٹس نے محمد رضوان کی خدمات طلب کی ہیں۔ مونٹریال ٹائیگرز میں شکیب الحسن، آندرے رسل، کرس لین اور کارلوس بریتھویٹ حصہ لے رہے ہیں۔

شیئر: