Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کرکٹ ٹیم کے انعامی رقم کے چیک میں غلطی، ’سب گول مال ہے‘

پاکستان نے 131 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دی ہے۔
جمعرات کو پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
دوسری اننگز میں گرین شرٹس کی جانب سے امام الحق نے 50، سعود شکیل نے 30 اور کپتان بابر اعظم نے 24 رنز سکور کیے۔
میچ میں ڈبل سینچری بنانے پر سعود شکیل کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
میچ کے بعد جب تقریب تقسیم انعامات ہوئی تو وہاں ایک دلچسپ چیز دیکھنے میں آئی کہ جب بابر اعظم کو ٹیم کی کامیابی پر چیک دیا گیا تو اُس کی رقم میں ایک بڑی غلطی دیکھنے کو ملی۔
بابر اعظم کو دیے جانے والے چیک پر الفاظ میں دو ہزار ڈالر لکھا ہوا تھا جبکہ نمبروں کے خانے میں پانچ ہزار ڈالر لکھا ہوا تھا۔
اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔
شہریار اعجاز نے بابر اعظم کی چیک لیتے ہوئے تصویر لگاتے ہوئے لکھا کہ ’بابر اعظم نے پاکستان ٹیم کو جیت پر ملنا والا چیک وصول کیا۔
شعیب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’غلط چیک پکڑا دیا باس، پانچ ہزار لکھ کر، دو ہزار کا چیک دے دیا۔
طہٰ احمد خان اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’الفاظ میں دو ہزار ہے، نمبروں میں پانچ ہزار ہے۔ سب گول مال ہے بھئی۔
فیاض اقبال نے پوچھا کہ ’مطلب کُل سات ہزار ڈالر ملیں ہیں؟‘
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کے مطابق چیک پر لکھی جانے والی رقم میں پرنٹنگ کی غلطی ہوئی ہے۔ یہ رقم دو ہزار ڈالر نہیں بلکہ پانچ ہزار امریکی ڈالر ہونی چاہیے۔

شیئر: