Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز نے شامی پناہ گزین کمیپ میں یوتھ سکلز ڈے منایا

کام تلاش کرنے کے لیے درکار مہارتوں پر روشنی ڈالی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات کے سعودی سینٹر فار کمیونٹی سروس نے اردن کے الزعتري شامی پناہ گزین کیمپ میں یوتھ سکلز ڈے منایا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یوتھ سکلز ڈے میں نوجوانوں کو ان کی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کے مطابق کام تلاش کرنے کے لیے درکار مہارتوں پر روشنی ڈالی۔
کام کی اہمیت اور مثبت نتائج پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مختلف مہارتوں میں آگاہی اور تربیتی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔
کمیونٹی سروس کے لیے سینٹر کورس میں شامل خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔
یہ کیمپ میں رہنے والے خاندانوں کو مملکت کی جانب سے فراہم کردہ انسانی اور امدادی منصوبوں کے سلسلے کے ایک حصے کے طور پر آتا ہے۔
منصوبوں کا مقصد خاندانوں کو سماجی اور عملی خدمات فراہم کرنے کے علاوہ ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر بنانا ہے۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات نے یمن کے حضرموت گورنریٹ کے شہر مکلا میں دل کی سرجری کے بعد مریض کی صحت یابی کے لیے طبی عملے کے لیے ایک تربیتی کورس کا اہتمام کیا۔
عرب نیوز کے مطابق یہ سیشن حضرموت گورنریٹ میں دل کی بیماریوں اور سرجریوں کے لیے سعودی پلس رضاکارانہ پروگرام کا حصہ تھا۔
پروگرام کے شرکا کو اینستھیزیا کے جدید طریقوں پر تربیت دی گئی جو تیزی سے صحت یابی کو فروغ دیتے ہیں اور آپریشن مکمل ہونے کے بعد پیچیدگیوں کو کم کرتے ہیں۔
اس انیشیٹو کا مقصد یمن میں صحت کے شعبے کی مدد کرنا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی ہیلتھ کیئر کی سطح کو بہتر بنانا ہے۔

یمن میں دل کی سرجری کے بعد مریض کی صحت یابی کے لیے تربیتی کورس کا اہتمام کیا گیا( فوٹو: ٹوئٹر)

یہ کورس سعودی حکام کی طرف سے شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات کے ذریعے فراہم کی جانے والی انسانی امداد اور ریلیف کا حصہ ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92  ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 402  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ شام میں 372 ملین ڈالر، فلسطین میں 370 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 256  ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: