سعودی لائبریری نے تین ہزار سے زیادہ نادر کتابیں اور دستاویز بحال کر دیں
سعودی لائبریری نے تین ہزار سے زیادہ نادر کتابیں اور دستاویز بحال کر دیں
ہفتہ 22 جولائی 2023 5:16
بحالی مرکز الدرعیہ پرانے شہر کی نایاب تصاویرکو بحال کرنے میں کامیاب رہا ہے (فوٹو: عکاظ)
سعودی دارالحکومت ریاض میں کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کے نئے قائم کردہ بحالی مرکز اب تک ثقافتی ورثے کے 3 ہزار سے زیادہ نایاب سائنسی مواد کو محفوظ کرنے یمیں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس میں نوادر، تصاویر، دستاویزات، نقشے، نایاب کتابیں اور قلمی نسخے شامل ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق آٹھ ماہ قبل قائم کیے جانے والا بحالی مرکز الدرعیہ پرانے شہر کی نایاب تصاویرکو بحال کرنے میں کامیاب رہا ہےجس میں کھجور کے درختوں سے گھرا مقام دکھایا گیا ہے۔ خاص طور پر 14 ویں صدی ہجری کے شروع میں الدرعیہ شہر کے کھنڈر کی تصویر کو صحیح حالت میں لانے میں کامیا بی حاصل کی ہے۔
بحالی مرکز نے جدہ شہر کی 415 نایاب تصاویر کو بحال کیا، 117 نایاب کتابوں کو بھی بحال کرنے میں کامیابی ملکی جس میں چمڑے کےکور اور اندرونی صفحات شامل ہیں۔
کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری مرکز کے ماتحت بحالی مرکز نے جن نمایاں کتابوں کو بحال کیا ہے ان میں (مشعل المحل) شامل ہے۔ یہ مصر سے غلاف کعبہ لانے والے کاررواں کی تاریخ پر مشتمل ہے۔
مرکز نے 615 سے زیادہ نایاب دستاویزات کو بھی ترمیم کے عمل سے گزارا ہے۔ علاوہ ازیں 2235 نایاب قیمتی نقشے بھی درست کیے ہیں۔
اس کے علاوہ مرکز نے سعودی کرنسی کو بھی بحال کیا جو 25 جولائی 1953 کو سعودی مانیٹری ایجنسی نے جاری کی تھی جسے اس وقت ’حجاج کی رسیدیں‘ کہا جاتا تھا۔ یہ ہلکے وزن کے بینک نوٹ تھے جو حج کے دوران استعمال کیے جاتے تھے۔
یاد رہے کہ لائبریری کے ماتحت بحالی مرکز کا افتتاح 2022 میں ہوا تھا۔