Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب سائنس و ٹیکنالوجی کو معاشرے کی ترقی کا محور سمجھتا ہے‘

جی 20 سائنس سربراہ کانفرنس میں  سعودی وفد نے شرکت کی ہے(فوٹو: ایس پی اے)
انڈیا میں اتوار کو ہونے والی جی 20 کی سائنس سربراہ کانفرنس میں ڈاکٹر منیر الدسوقی کی سربراہی میں سعودی وفد نے شرکت کی ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  ڈاکٹر منیر الدسوقی نے کہا کہ ’سعودی عرب سائنس و ٹیکنالوجی کو معاشرے کی ترقی کا محور سمجھتا ہے۔ پائیدار ترقی لانے والے سبز مستقبل کی خاطر ماحول دوست توانائی کے حصول اور جامع صحت کے فروغ میں ان دونوں کا کردار اہم ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ’بین الاقوامی سماج کی رہنمائی کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اہم ہے۔ سعودی عرب نے آئندہ  دوعشروں کے لیے ریسرچ ڈیولپمنٹ اور اختراع کے حوالے سے چار قومی ترجیحات مقرر کی ہیں۔
’یہ ترجیحات پائیدار ترقی و خوشحالی کے لیے عالمی رجحانات سے مطابقت رکھتی ہیں۔ انسانی صحت، پائیدار ماحول، بنیادی ضروریات توانائی اور صنعت میں قیادت اور مستقبل کی معیشت کے حوالے سے ہیں‘۔ 
ڈاکٹرمنیر الدسوقی نے جی 20 کے ممبر ملکوں سے کہا کہ ’وہ سائنسی تحقیق و ترقی اور اختراع کے میدان میں مل کر کوشش کریں‘۔
’تبدیلی کے نظریات اور دریافتوں کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون کو فروغ دیں۔ انسان، پودوں، جانوروں اور ماحولیاتی نظام کی صحت کے درمیان توازن قائم کریں‘۔

شیئر: