آسٹریلیا کے ساحل پر 100 کے قریب وہیل پھنس گئیں، 50 ہلاک
ماہرین کے مطابق کسی بیماری یا تناؤ کی کیفیت کے باعث مچھلیاں ساحل کی طرف آئیں۔ فوٹو: اے پی
آسٹریلیا کے ساحل پر ایک سو کے قریب پائلٹ وہیل پائی گئی ہیں جنہیں زندہ بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی لیکن نصف ہلاک ہو گئیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پائلٹ وہیل کے غول کو مغربی آسٹریلیا میں شین ساحل کے قریب تیرتے ہوئے دیکھا گیا تھا لیکن بعد میں وہ ساحل کے قریب بڑھنا شروع ہو گئیں۔
منگل کی شام 4 بجے تک ساحل کا کنارہ وہیل سے بھرا ہوا تھا جس کے بعد آسٹریلوی محکمہ برائے بائیو ڈائیورسٹی کے اہلکاروں نے ساحل پر ہی کیمپ لگا لیے اور مچھلیوں کو مانیٹر کرتے رہے۔
محکمہ برائے بائیو ڈائیورسٹی کے منیجر پیٹر ہارٹلے کا کہنا ہے کہ انہوں نے مرنے والی وہیل کی گنتی کی جو 51 تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی بھی 46 وہیل زندہ بچ گئی ہیں تاہم انہیں سمندر میں واپس لے جانے کی کوشش جاری ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ گہرے پانیوں کی طرف بڑھیں۔
سینکڑوں کی تعداد میں رضاکار بھی وہیل کو زندہ بچانے کے لیے پہنچ گئے ہیں جبکہ سیاحوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وہیل کے غیر معمولی برتاؤ کی وجہ بیماری یا تناؤ کی کیفیت ہو سکتی ہے۔
پائلٹ وہیلز کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ بہت زیادہ سوشل ہوتی ہیں اور عمر بھر اپنے غول کے ساتھ قریبی تعلق میں رہتی ہیں۔