دیوہیکل مردہ وہیل مچھلی انڈونیشیا کے ساحل پر بہہ آئی
جمعرات 21 جنوری 2021 16:37
مردہ وہیل مچھلی کو ساحل پر ہی دفنا دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈونیشیا کے بالی نامی جزیرے پر چودہ میٹر طویل مردہ وہیل مچھلی ساحل پر پڑی ملی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے وہیل مچھلی کی موت کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
ادارے کے مطابق وہیل مچھلی اس سے قبل جزیرہ بالی پر واقع باتو بیلگ ساحل کے پانیوں میں نظر آئی تھی۔
بالی انڈونیشیا کا مشہور جزیرہ ہے جہاں سال بھر سیاحوں کا رش لگا رہتا ہے۔
دیوہیکل مردہ وہیل ساحل سمندر پر پڑی دیکھ کر سیاح بھی جمع ہونا شروع ہو گئے۔
مچھلی گلنے سڑنے کی وجہ سے ماحول میں بدبو پھیلنا شروع ہو گئی تھی۔
بالی کے ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ کے اہلکار پراوانو میروآنتو کا کہنا تھا کہ مردہ مچھلی برڈز وہیل ہو سکتی ہے جسے بعد میں ساحل پر ہی دفنا دیا گیا تھا۔
گذشتہ سال جولائی میں دس چھوٹی وہیل مچھلیاں انڈونیشیا کے ایک ساحل پر مردہ پڑی ملی تھیں جبکہ ایک مچھلی زندہ تھی جسے مقامی افرد نے واپس سمندر میں چھوڑ دیا تھا۔
ساحل کے قریب سمندر کی لہروں کا بہاؤ وہیل مچھلیوں کے لیے خطرے کا باعث ہے۔ بہاؤ کی وجہ سے مچھلیاں ساحل کے قریب سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں اور سبزے میں پھنس جاتی ہیں۔