توہینِ الیکشن کمیشن، عمران خان پر دو اگست کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
توہینِ الیکشن کمیشن، عمران خان پر دو اگست کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
جمعہ 28 جولائی 2023 15:01
عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن آف پاکستان سابق وزیرِاعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں دو اگست کو فرد جرم عائد کرے گا۔
جمعے کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں 25 جولائی کی سماعت کا آرڈر جاری کیا۔
آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ’عمران خان پر دو اگست کو فرد جرم عائد کی جائے گی، اگلی سماعت پر بھی پیش ہوں۔ چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف وارنٹ گرفتاری وقتی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔‘
الیکشن کمیشن نے اپنے آرڈر میں مزید کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ذاتی حیثیت میں کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے استدعا کی کہ ان کے پاس کیس کا ریکارڈ نہیں۔ وکیل نے ریکارڈ حاصل کر کے کیس تیار کرنے کی استدعا کی، یہ استدعا منظور کر لی گئی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ وکیل لا ونگ سے دستاویزات حاصل کر لیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے لہٰذا اس وقت کے لیے ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کیے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ جب کوئی غلطی ہی نہیں کی تو الیکشن کمیشن سے معافی کیوں مانگوں؟
25 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی توہین الیکشن کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پیش ہوئے تو اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی تھی۔
توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی تھی۔
کیس کی سماعت ختم ہوئی تو عمران خان نے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیے۔
ایک صحافی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’خان صاحب لگتا ہے آپ آدھے وکیل بن گئے ہیں‘ جس پر عمران خان کا کہنا تھا ’اتنے کیسز ہو گئے ہیں اب تو پورا وکیل بن گیا ہوں۔‘
عمران خان نے مزید کہا ’اتنے کیسز میں پیش ہوا ہوں اب سارا معاملہ سمجھ گیا ہوں۔‘
ایک اور صحافی نے سابق وزیراعظم سے پوچھا کہ کیا وہ الیکشن کمیشن سے معافی مانگیں گے؟
اس پر عمران خان نے صحافی سے واپس سوال کیا، ’آپ کا کیا خیال ہے مجھے معافی مانگنی چاہیے،‘ اور ساتھ ہی تبصرہ کیا ’جب میں نے کوئی غلطی کی ہی نہیں تو معافی کیوں مانگوں؟‘
صحافی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے پوچھا کہ کیا وہ مزید یوٹرن بھی لیں گے؟
عمران خان نے زور دے کر کہا ’ہاں یوٹرن لیتا رہوں گا۔‘