امریکی خاتون نے سعودی شادی میں کیا دیکھا؟ ویڈیو وائرل
اتوار 30 جولائی 2023 5:05
سعودی عرب آنے والی ایک امریکی خاتون نے پہلی بار کسی سعودی شادی تقریب میں شرکت کے بعد ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق امریکی لڑکی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں سعودی شادی کی ان خوبیوں کا تذکرہ کیا جو انہیں اچھی لگیں۔
امریکی خاتون کا کہنا ہے کہ ’شادی ہال پھولوں سے سجا ہوا تھا، ایسا لگتا تھا جیسے میں کسی محل میں پہنچ گئی ہوں۔‘
امریکی خاتون نے مزید کہا کہ ’میں نے سعودی خواتین کو ہمیشہ حجاب اور نقاب میں دیکھا ہے۔ شادی ہال میں سعودی خواتین کو دیکھا جو شاندار ملبوسات، میک اپ اور پُرکشش بالوں کے ساتھ اچھی نظر آتی ہیں۔‘
’شادی ہال میں دولہا کو جب دلہن سے ملنے کے لیے لایا گیا تو تمام خواتین حجاب کا اہتمام کرتی نظر آئیں۔‘
شادی ہال کے خواتین کے حصے میں پرائیویسی کے باعث موبائل اور فوٹو گرافی ممنوع ہے۔ یہاں مردوں کا داخلہ منع ہوتا ہے۔
امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ ’سعودی شادی تقریبات میں مہمانوں کی تواضع کا معاملہ بھی امریکہ سے مختلف ہے۔ یہاں کھانے لذیذ اور وافر ہوتے ہیں اور ختم ہونے کا نام نہیں لیتے۔‘
گفتگو کے آخر میں کہا کہ ’مجھے سعودی شادی میں جو بات سب سے زیادہ اچھی لگی وہ خواتین کے حصے میں مردوں کے داخلے پر پابندی ہے۔‘
’اس کا فائدہ یہ ہے کہ اس خوف کے بغیر کہ کوئی مجھے دیکھ رہا ہے اپنے عروسی لباس سے لطف اٹھا سکتی ہوں اور اپنے انداز سے خوشی منا سکتی ہوں۔‘