سام سنگ گیلکسی ایس 23 ایف ای کی تصویر لِیک، نئے ماڈل میں کون سے فیچرز ہیں؟
اتوار 30 جولائی 2023 17:27
گیلکسی ایس 23 ایف ای میں صارفین کو سلو چارجنگ دیکھنے کو مل سکتی ہے(فائل فوٹو: موئی کمپیوٹر)
معروف سمارٹ فون برینڈ سام سنگ کا نیا ماڈل گیلکسی ایس 23 ایف ای بہت جلد لانچ ہونے والا ہے۔
سام سنگ گیلکسی ایس 23 ایف ای کی حالیہ دنوں میں تصویر لیک ہوئی ہے جس کے بعد اس ماڈل کے بارے کئی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
انٹرنیٹ پر ریلیز ہونے والی معلومات کے مطابق سام سنگ کے اس نئے ماڈل میں 4اعشاریہ چار واٹ کی وائرلیس چارجنگ دی گئی ہے۔
اس سے مقابلے میں گیلکسی ایس 23 الٹرا میں 45 واٹ کی وائرڈ اور 15 واٹ کی وائرلیس فاسٹ چارجنگ دی گئی تھی جس کے بعد یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے گیلکسی ایس 23 ایف ای میں صارفین کو سلو چارجنگ دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
لیک ہونے والی تصویر کے مطابق موبائل فون میں 2.5 ڈی کا ڈسپلے لگایا جائے گا جبکہ اس کی بیک سائیڈ بالکل فلیٹ بنائی گئی ہے جس پر سیدھی قطار میں تین کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
اگر اس فون کے پروسیسر کی بات کی جائے تو ممکنہ طور پر یہ گیلکسی ایس 23 ایف ای میں صارفین کو کوالکوم سنیپ ڈریگن 8 جنریشن ون ایس او سی یا پھر کوالکوم سنیپ ڈریگن 8 پلس جنریشن ون ایس او سی ڈالا جائے گا جبکہ امریکہ اور کینیڈا کے علاوہ دیگر ممالک کے صارفین اس فون کو ایکسانوس 2200 چِپ سیٹ کے ساتھ استعمال کر سکیں گے۔
گیلکسی ایس 23 ایف ای میں اینڈرائیڈ 13 بیسڈ ون یوزر انٹرفیس استعمال کیا جائے گا جبکہ اس کی ریم 8 جی بی اور میموری 256 جی بی ہو گی۔
ممکنہ طور پر اس فون میں پہلا بیک کیمرہ 50 میگا پکسل، دوسرا کیمرہ 12 میگا پکسل اور تیسرا کیمرہ آٹھ میگا پکسل کا ہو گا جبکہ فرنٹ کیمرہ 12 میگا پکسل ہو گا۔
اس فون کا سائز ممکنہ طور پر 6.4 انچ ہو سکتا ہے جس میں 4500 ایم اے ایچ کی بیٹری ممکنہ طور پر دیکھنے کو مل سکتی ہے۔